Live Updates

گیس بحران ،ْ وزیراعظم کے حکم پر سوئی سدرن اور ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز تحلیل

سوئی ناردرن گیس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان کی تعداد 14 اور سوئی سدرن گیس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعداد 11 ہے ،ْذرائع کمپنیوں کے ایم ڈیز کے خلاف تحقیقات کیلئے تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی 72 گھنٹوں میں اپنی سفارشات کیساتھ رپورٹ وزیراعظم کو پیش کریگی

جمعرات 13 دسمبر 2018 15:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان کے حکم پر ملک میں گیس بحران پر مزید سخت اقدامات کرتے ہوئے سوئی سدرن اور ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تبدیل کر دیا گیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملک میں گیس بحران پر وزیراعظم عمران خان نیگزشتہ روز ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا جس میں سوئی سدرن اور ناردرن کے مینیجنگ ڈائریکٹرز کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے مزید سخت اقدامات کا حکم دیا جس کے تحت سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے سوئی سدرن اور ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو فوری تحلیل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان کی تعداد 14 اور سوئی سدرن گیس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعداد 11 ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو ناقص کارکردگی پر تبدیل کیا گیا جبکہ دونوں کمپنیوں کے ایم ڈیز کے خلاف پہلے ہی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جو 4 رکنی کمیٹی کررہی ہے، کمیٹی تحقیقات میں بیرونی ماہرین کی خدمات حاصل کرسکتی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے دونوں کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تبدیلی کا فیصلہ وزیر پیٹرولیم اور وزیر توانائی سے مشاورت کے بعد کیا جبکہ سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نیپرا کے ساتھ مل کر کرنے کا حکم دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں کمپنیوں کے ایم ڈیز کے خلاف تحقیقات کیلئے تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی 72 گھنٹوں میں اپنی سفارشات کے ساتھ رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے حکام کو مزید احکامات دیئے کہ گیس بحران کے حل کے حوالے سے متبادل انتظامات کیے جائیں تاکہ گھریلو صارفین کی مشکالت کو کم کیا جاسکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات