سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد سے متعلق کیس میں احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر سیکرٹری داخلہ سندھ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

جمعرات 13 دسمبر 2018 16:31

سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد سے متعلق کیس میں احکامات پر عملدرآمد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2018ء) سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد سے متعلق کیس میں احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر سیکرٹری داخلہ سندھ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔عدالت نے لاپتا شہریوں سے متعلق ایف آئی اے سے سفری دستاویزات بھی طلب کرلی ہیں جبکہ متعلقہ حکام لاپتہ شہریوں کو بازیاب کراکررپورٹ 6 فروری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت نے لاپتہ افراد سے متعلق بنائی گئی جے آئی ٹی اور ٹاسک فورس پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔سندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دئے کہ جے آئی ٹی اور ٹاسک فورس کو تمام کیسزالگ الگ جانچنیکاحکم دیا تھا،ٹاسک فورس اور جے آئی ٹی حقائق سے آگاہ ہی نہیں کرتیں،جے آئی ٹی اور ٹاسک فورس کے درجنوں اجلاس کے بعد بھی زیرو کارکردگی ہے، عدالت نے احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر سیکرٹری داخلہ سندھ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے لاپتا شہریوں سے متعلق ایف آئی اے سے سفری دستاویزات طلب کرلیں عدالت نے متعلقہ حکام کو لاپتا شہریوں کو بازیاب کرکے 6 فروری تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔