جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے سلیکشن بورڈ کا اجلاس رواں ماہ منعقد کر نے کا اعلان

جمعرات 13 دسمبر 2018 16:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے اساتذہ کی تقرریوں اور ترقیوں کے حوالے سے سلیکشن بورڈ کا اجلاس رواں ماہ دسمبر کے دوران ہی منعقد کر نے کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ میرٹ پر پورا اترنے والے کسی حق دار کو محروم نہ رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے نیز زرعی یونیورسٹی فیصل آباد امسال بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ فنڈ میں 80میں 12تحقیقی منصوبوں کے ساتھ مسلسل دوسرے سال ملک کی نمبرون یونیورسٹی قرار دی گئی ہے جس کے سائنسدان مجوزہ ٹیکنالوجی کو نچلی سطح پر فرو غ وینے کیلئے پرائیویٹ شعبہ کی شراکت داری سے مربوط پیش رفت کر رہے ہیں۔

یہ بات زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے آفس آف ریسرچ‘ انوویشن و کمرشلائزیشن (اورک) کے زیراہتمام ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نیشنل ریسرچ پروگرام فار یونیورسٹیز‘ ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ فنڈ‘ پاکستان سائنس فائونڈیشن کے ایگریکلچرلنکج پروگرام اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے ریسرچ پراڈکٹویٹی ایوارڈ کے فاتحین سائنس دانوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے مہمان خصوصی کے طو رپر خطاب میں کہی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے یونیورسٹی کے پلیٹ فارم سے 2ارب روپے سے زائد مالیت کے تحقیقی منصوبے جیتنے پر ماہرین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اساتذہ کی تقرریوں اور ترقیوں کے حوالے سے سلیکشن بورڈ کا اجلاس رواں ماہ کے دوران ہی منعقد کر رہے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ میرٹ پر پورا اترنے والے کسی حق دار کو محروم نہیں رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ برسوں کے دوران سینئر اور جونیئر فیکلٹی کے ما بین قائدانہ خلیج بڑھتی رہی ہے جس کی وجہ سے دوسرے اور تیسرے درجے کی لیڈرشپ سامنے نہیں آ سکی تاہم ان کی کوشش ہوگی کہ اس قائدانہ خلا ء کو جلد پر کیا جائے، انہوں نے کہا کہ وہ لیڈرشپ کے حوالے سے اس فلسفے کے قائل ہیں کہ ایک لیڈر کو ہمیشہ کشادہ دل اور تمام متعلقین کیلئے سہولت کا کردار ادا کرنا چاہئے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ برسوں کے دوران ایسا نہیں کیا گیا۔

انہوں نے تدریسی سٹاف پر زور دیا کہ اپنے ضمیر کے خلاف کبھی سمجھوتہ نہ کریں ، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے بتایا کہ یونیورسٹی اساتذہ اپنی صلاحیت اور پیشہ وارانہ مسابقت میں پیش رفت کے حوالے سے پورے ملک میں نمبرون ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے ماہرین ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ فنڈ اور نیشنل ریسرچ پروگرام فار یونیورسٹیز کے ساتھ ساتھ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ریسرچ پراڈکٹویٹی ایوارڈ ز اور سائنس فائونڈیشن کے ایگریکلچرلنکج پروگرام میں بھی ملک بھر میں امتیازی مقام کے حامل ہیں۔

انہوں نے تقریب میں سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں کو یونیورسٹی کے ہیرو قرار دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی یونیورسٹی کے سینے پرتمغہ ہائے امتیاز سجانے میں اپنا کردارمزید توانائی کے ساتھ ادا کریں گے۔