حکومت پنجاب نے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو اضافی کوڑا ٹھکانے لگانے کیلئے نجی شعبہ سے گاڑیاں کرایہ پر حاصل کرنے کی منظوری دیدی

جمعرات 13 دسمبر 2018 16:41

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) حکومت نے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو اضافی کوڑا ٹھکانے لگانے کیلئے نجی شعبہ سے گاڑیاں کرایہ پر حاصل کرنے کی منظوری دے دی ہے جس سے محکمہ کے پاس گاڑیوں کی کمی دور ہونے سمیت صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی،فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ترجمان نے جمعرات کے روز ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ فیصل آباد میں روزانہ 1600میٹرک ٹن کوڑا پیدا ہوتا ہے جبکہ کمپنی کے پاس صرف 1200ٹن کوڑا اٹھانے کی استعداد تھی جس کی وجہ کنٹینرز اور لوڈرز و دیگر مطلوبہ ٹرانسپورٹ کی بھی کمی تھی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ چونکہ فنڈز کی کمی کے باعث فوری طور پر کروڑوں روپے مالیت کی نئی لوڈر گاڑیاں خریدنا ممکن نہ تھا اس لئے حکومت پنجاب سے گاڑیاں کرائے پر حاصل کرنے کی اجازت فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی جسے منظور کر لیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اب اضافی کوڑے کو ٹھکانے لگانے کیلئے نجی شعبہ سے گاڑیاں کرایے پر لینے کی وجہ سے صفائی کی صورتحال میں مزید بہتر ی آئے گی اور تمام کوڑا بر وقت ٹھکانے لگانا ممکن ہو سکے گا۔