نئے پاکستان میں غیر ملکی سفارتکاروں کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں جاری

فرانس کے ڈپٹی قونصل جنرل کی گاڑی نے 2 گاڑیوں کو ٹکر دے ماری، برونو میگنٹ نے ڈرائیونگ لائنسس نہ ہونے کے باوجود پولیس اہلکاروں سے بد تمیزی بھی کی ۔ میڈیا رپورٹس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 13 دسمبر 2018 16:22

نئے پاکستان میں غیر ملکی سفارتکاروں کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13دسمبر 2018ء) فرانس کے ڈپٹی قونصل جنرل برونو میگنٹ کی گاڑی نے 2 گاڑیوں کو ٹکر دے ماری۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نئے پاکستان میں غیر ملکی سفارتکاروں کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی جاری ہیں، آج ایک ایسا ہی واقعہ اسلام آباد میں واقع ریڈزون میں پیش آیا ہے جہاں فرانس کے ڈپٹی قونصل جنرل کی گاڑی کی دو گاڑیوں سے ٹکر ہوئی ہے جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے متاثرہ گاڑیوں کو تھانہ سیکٹریٹ منتقل کر دیا ہے جب کہ رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ فرانس کے ڈپٹی قونص جنرل کے پاس ڈرائیونگ لائنسس بھی موجود نہیں تھا۔

ڈپٹی قونصل جنرل برونو میگنٹ نے پولیس کی جانب سے تفتیش کرنے پر برہمی کا اظہار کیا جس کے بعد پولیس معاملہ اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لائے اور حادثے میں متاثرہ گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا۔

(جاری ہے)

تاہم برونو میگنٹ نے ڈرائیونگ لائنسس نہ ہونے کے باوجود پولیس اہلکاروں سے بد تمیزی بھی کی اور اس تمام معاملے میں اثر ورسوخ استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر فریقین سے مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست وصول کر لی ہے۔

واضح رہے اس سے قبل بھی ایسے واقعات ہو چکے ہیں۔ 7 اپریل کو اسلام آباد میں تھانہ کوہسار کے علاقے میں امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔ جس گاڑی سے ٹکر ہوئی تھی وہ امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف ایمانوئیل خود چلا رہے تھے اور جب موٹر سائیکل کو ٹکر لگی تو دو نوجوان عتیق اور راحیل موٹر سائیکل پر سوار تھے۔پولیس کا کہنا تھا کہ امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا جبکہ اس کے ساتھی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔