ْناانصافی کی جارہی ہے، جبر کیا جارہا ہے، انصاف کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے ،ْ سعد رفیق

جمعرات 13 دسمبر 2018 17:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ ناانصافی کی جارہی ہے، جبر کیا جارہا ہے، انصاف کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ نیب کے سیلوں میں کیمرے انسانی حقوق اور ملزمان کے بنیادی حقوق کیخلاف ہیں، آج بھی نیب کے ملزمان کے کمروں میں کیمرے لگے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب میں ریفارمز کی ضرورت ہے،اس کے طریقہ کار میں بہتری لانی چاہیے، آئندہ جب بھی موقع ملا تو یہاں سے کیمرے ہٹوائیں گے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک دن انصاف ضرور ہوگا۔اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ کو معلوم ہے کہ قیصر امین بٹ کو آپ کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنا کر سپریم کورٹ لایا گیا ہے جس پر سعد رفیق نے اظہار تعجب کرتے ہوئے کہا کہ اسے کیوں لایا گیا ہی ۔واضح رہے کہ سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو ریلوے خسارہ کیس میں نیب اور پولیس کی تحویل میں سپریم کورٹ پہنچایا گیا، عدالت نے انہیں ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا تھا۔