بھارت کے ہاتھوں شکست ،پاکستان ایمر جنگ ایشیاءکپ سے باہر

گرین شرٹس کی پوری ٹیم172رنز بنا کر پوویلین لو ٹ گئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 13 دسمبر 2018 16:32

بھارت کے ہاتھوں شکست ،پاکستان ایمر جنگ ایشیاءکپ سے باہر
کولمبو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13دسمبر2018ء) ہمت سنگھ (59ناٹ آﺅٹ ) اور نتیش رانا(60ناٹ آﺅٹ ) کے مابین126رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کی بدولت بھارت نے اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیاءکپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ بھارت نے ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان کو بلے بازی کی دعوت دی تھی جو44.4اوورز میں172رنز بنا کر آل آﺅٹ ہوگئی اور بھارت کو جیت کے لیے173رنز کا ہدف ملا ۔

پاکستان کے کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان67رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ سعو د شکیل نے بھی62رنز کی عمدہ باری کھیلی جب کہ اوپننگ بلے باز ذیشان ملک 17رنز بنا سکے ،پاکستان کا کوئی اور بلے باز ڈبل فگر ز میں داخل بھی نہیں ہوسکا ۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ کا شاندار طریقے سے آغاز کیا تھا اور ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں ہانگ کانگ کو225رنز سے شکست دی تھی ، اس کے بعد گرین شرٹس نے متحدہ عرب امارات کو9وکٹوں سے شکست دی تاہم بنگلہ دیش نے پاکستان کو84رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں سر ی لنکا کے خلاف جگہ پکی کی ۔

(جاری ہے)

گروپ اے میں شامل بھارت نے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو84رنز سے ہرایا اور پھر عمان کو6وکٹوں اور سر ی لنکاکو4وکٹوں سے شکست دی ،دوسری سیمی فائنل میں آر پریمداسا سٹیڈیم میں بنگلہ دیش اور سر ی لنکا کے مابین مقابلہ جاری ہے ۔6دسمبر سے شروع ہونے والے اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا ءکپ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں پاکستان ، بھارت ،بنگلہ دیش ، سر ی لنکا ، افغانستان،عمان،ہانگ کانگ اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں ،ٹورنامنٹ کا فائنل15دسمبر کو سری لنکا کے دارلحکومت کولمبو میں کھیلا جائے گا ۔