ہمارا مقصد پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہے، آرمی چیف

جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس،علاقائی سکیورٹی، مشرقی و مغربی سرحدوں کی صورتحال کا جائزہ،افغانستان میں مصالحتی عمل کی حمایت پراتفاق،بیرونی خطرات کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،امن واستحکام کیلئے ریاستی اداروں کی حمایت جاری رکھیں گے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 13 دسمبر 2018 16:36

ہمارا مقصد پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہے، آرمی چیف
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 دسمبر2018ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن واستحکام کیلئے تمام اداروں کی حمایت جاری رکھیں گے، ہمارا مقصد پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہے،افغانستان میں قیام امن کیلئے تمام فریقین کی حمایت کی جائے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں 216 ویں کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

کورکمانڈرزاجلاس میں ایل اوسی ،علاقائی سکیورٹی اور مشرقی و مغربی سرحدوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کورکمانڈرزکانفرنس میں خطے میں امن واستحکام کیلئے دہشتگردی کے خاتمے پر غور کیا گیا۔ جبکہ دہشتگردی کے ناسور کوجڑ سے ختم کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے شرکاء نے دہشتگردی کے ناسور کوجڑ سے ختم کرنے کیلئے علاقائی سوچ کو اجاگر کیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے قرار دیا کہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے علاقائی تعاون ضروری ہے۔ کورکمانڈرزکانفرنس کے شرکاء نے افغانستان میں قیام امن کیلئے تمام فریقین کی حمایت پر اتفاق کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے افغانستان میں مصالحتی عمل کی کامیابی کی توقعات کابھی اظہارکیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ تمام بیرونی خطرات کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہے۔امن واستحکام کیلئے تمام اداروں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملکی ترقی ، خوشحالی اور امن کیلئے تمام ریاستی اداروں سے تعاون جاری رہے گا۔