محکمہ وائلڈ لائف و فشریز عوام میں جنگلات و جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے شعور اجاگر کرنے کیلئے باقاعدہ حکمت عملی پر عملدرآمد کر رہا ہے،وزیر ٹرانسپورٹ آزاد کشمیر

جمعرات 13 دسمبر 2018 17:23

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر ٹرانسپورٹ وائلڈ لائف و فشریز ناصر حسین ڈار نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا خطہ قدرتی حسن اور جنگلی حیات سے مالا مال ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں ماحولیاتی آلودگی کے مسائل بہت کم ہیں اور محکمہ وائلڈ لائف و فشریز آزاد کشمیر کے عوام میں جنگلات کے تحفظ و جنگلی حیات کے تحفظ اور افزائش کے لیے شعور اجاگر کرنے کے لیے باقاعدہ حکمت عملی پر عملدرآمد کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹہکہ کے مقام پر ٹرائوٹ فش ہچیری اور چڑیا گھر کے معائنہ کے موقع پر محکمہ وائلڈ لائف وفشریز کے افسران اور ملازمین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جنگلات کے فروغ کے لیے شجرکاری پر زور دیا جارہا ہے اور جنگلات کے کٹائو کو روکنے کے لیے عوام الناس میں شعور کی آگہی کے ساتھ ساتھ محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے گیس سلنڈروں کی فراہمی بھی عمل میں لائی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آباد ی میں اضافہ بھی جنگلات کے خاتمہ اور کمی کی ایک بڑی وجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزا دکشمیر میں پانی کے قدرتی ذخائر موجود ہیںاور آبی وسائل کے پیش نظر ماہی پروری پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ آزاد کشمیر میں محکمہ وائلڈ لائف کو فروغ دیا جارہا ہے جس سے نہ صرف غذائی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی جبکہ آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔

وزیر وائلڈ لائف و فشریز نے بعدازاں محکمہ کے ڈائریکٹر نعیم افتخار ڈار اور دیگر افسران کے ہمراہ جبڑ کے مقام پر مچھیارا نیشنل پارک کے سلسلہ میں قائم کر دہ محکمہ کے آفس کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پرڈائریکٹر وائلڈ لائف و فشریز کی طرف سے مچھیارا نیشنل پارک کے خدوخال بتائے اور اس منصوبہ پر عملد رآمد کی تفصیلات بھی بتائی گئیں ۔ وزیر وائلڈ لائف ناصر حسین ڈار نے اس موقع پر جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالہ سے محکمہ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ الیکٹرانک میڈیا ، پرنٹ میڈیا اور دیگر ذرائع اورورکشاپوں کے انعقاد سے عوام الناس میں شعور اجاگر کریں تاکہ جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کو آزاد کشمیر میں یقینی بنایا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :