سپریم کورٹ میں آبادی سے متعلق کیس کی سماعت میں عدالت نے سیکریٹری ہیلتھ سے 4 ہفتوں میں مکمل ایکشن پلان طلب کر لیا

فیڈرل ٹاسک فورس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ موجود ہیں ،ْ سیکرٹری صحت کا عدالت عظمیٰ میں بیان

جمعرات 13 دسمبر 2018 18:00

سپریم کورٹ میں آبادی سے متعلق کیس کی سماعت میں عدالت نے سیکریٹری ہیلتھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ میں آبادی سے متعلق کیس کی سماعت میں عدالت نے سیکریٹری ہیلتھ سے 4 ہفتوں میں مکمل ایکشن پلان طلب کر لیا۔ جمعرات کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے آبادی میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔دورانِ سماعت سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن نے بتایا کہ ٹاسک فورس کی سفارشات حتمی ہوگئی ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ ہر 3 مہینے کے بعد ہمیں رپورٹ دیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت نے عدالت کو آگاہ کیا کہ فیڈرل ٹاسک فورس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ موجود ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس کیلئے واک نہ کریں، مٹھی میں دیکھ کے آئیں، چھوٹے چھوٹے بلونگڑے پیدا ہو رہے ہیں۔چیف جسٹس نے مٹھی میں صحت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پتا نہیں وہاں انکیوبیٹرز کام بھی کر رہے ہیں یا نہیں اس معاملے پر ماں ہی قربانی کیوں دیتی ہے باپ کیوں نہیں۔بعدازاں عدالت نے سیکریٹری صحت سے چار ہفتے میں مکمل ایکشن پلان طلب کرتے ہوئے سماعت 14 جنوری تک ملتوی کر دی۔