کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس ، متاثرین کی بحالی کے منصوبہ کو حتمی شکل دیدی گئی

بحالی کے منصوبہ میں متاثرین کو ان کی سابقہ جگہ کی نوعیت اور سائز کے لحاظ سے متبادل دکانیں دی جائیں گی،افتخار شلوانی

جمعرات 13 دسمبر 2018 18:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) کمشنر کراچی کے دفتر میں منعقدہ ایک اعلی سطح کے اجلاس میں ایمپریس مارکیٹ اور دیگر مقامات کے متاثرین کی بحالی کے منصوبہ کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جن کی جلد ہی قرعہ اندازی کی جائے گی، جمعرات کو کمشنر کراچی کے دفتر میں مئیر کراچی وسیم اختر ، کمشنر کراچی افتخار شلوانی اور وزیر اعلی سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ وقار مہدی نے ایک مشترکہ اجلاس منعقد کیا ۔

جس میں متاثرین کی بحالی کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ میونسپل کمشنر بلدیہ عظمی ڈاکٹر سیف الرحمن نے اجلاس کو حکمت عملی اور متاثرین کی بحالی کے لئے تیارکئے گئے منصوبہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا انھوں نے بتا یا کہ بحالی کے منصوبہ میں متاثرین کو ان کی سابقہ جگہ کی نوعیت اور سائز کے لحاظ سے متبادل دکانیں دی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں متبادل مارکیٹوں اور مقامات کے بارے میں تفصیلی مشاورت کی گئی ۔

اور متاثرین کی بحالی کے سلسلہ میں جن علاقوں اورمارکیٹوں متاثرین کو متبادل دکانیں دی جائیں گی ان کی تفصیلات کو حتمی شکل دی گئی ۔ اجلا س کو بتا یا گیا کہ تما م متاثرین کی تفصیلات جمع کر لی گئی ہیں ۔ تمام دکانداروں کو ان کی کٹیگری کے لحاظ سے متبادل دکانیں دی جائیں گی۔ فیصلہ کیا گیا کہ متبادل دکانوں کے لئے جلد قرعہ اندازی کی جائے گی اجلاس میں ایمپریس مارکیٹ کی تاریخی و ثقافتی حیثیت کی بحالی کے منصوبہ کے بارے میں بھی تفصیلی غور کیا گیا فیصلہ کیا گیا کہ ایمپریس مارکیٹ کی بحالی کے منصوبہ پر محکمہ ثقافت حکومت سندھ کی مشاورت اور معاونت سے عملدرآمد کیا جائے گا ۔

اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک جاوید علی مہر ،ڈائریکٹر جنرل محکمہ ثقافت حکومت سندھ منظور احمد ،سینئر ڈائریکٹر بلدیہ عظمی مسعود عالم ڈائریکٹر لینڈ بلدیہ عظمی بشیر صدیقی، ایس ایس پی ساتھ اور دیگر نے شرکت کی ۔