محکمہ زراعت پنجاب نے بہاریہ سورج مکھی کی کاشت کا شیڈول جاری کردیا

جمعرات دسمبر 18:50

لاہور۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) محکمہ زراعت نے سورج مکھی کی پنجاب میں کاشت کا شیڈول جاری کردیا ،سورج مکھی کی کا شت کیلئے پنجاب کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے،پہلے حصے میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سورج مکھی کی کاشت 20 دسمبر تا31 جنوری جبکہ دوسرے مرحلے میںبہاول پور ،رحیم یار خان، خانیوال، ملتان، مظفر گڑھ ، ڈیرہ غازی خان ،لیہ ، لودھراں، راجن پور،بھکر،وہاڑی اور بہاولنگر شامل ہیں ، ان اضلاع میں سورج مکھی کی کاشت کا وقت یکم تا 31جنوری تک مقرر کیا گیا ہے، سورج مکھی کی کاشت کے تیسرے مرحلے میںمیانو الی، سرگودھا، خوشباب، جھنگ ، ساہی وال، اورکاڑہ ، فیصل آباد ، سیالکوٹ ،گوجرانوالہ، لاہور ، منڈی بہائوالدین ،قصور ،شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، نارووال، اٹک، راولپنڈی، گجرات ،چکوال میں سورج مکھی کی کاشت کا وقت15جنوری تا15 فروری تک مقرر کیا گیا ہے ، سورج مکھی کی کاشت کیلئے اچھے اگائو والے صاف ستھرے دوغلی(ہائبرڈ) اقسام کے بیج کی فی ایکڑ مقدار 2تا اڑھائی کلوگرام رکھیں، سورج مکھی کی موزوں اقسام میں ہائی سن- 33 ،ٹی- 40318 اور اگورا- 4 شامل ہیں، سورج مکھی کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے موزوں وقت پر کاشت انتہائی ضروری ہے کیونکہ تاخیر سے کاشت کی صورت میں نہ صرف سورج مکھی کی فی ایکڑ پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے بلکہ تیل کی مقدار میں بھی کمی ہوتی ہے،ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ پاکستان ہر سال300 ارب روپے کا خوردنی تیل درآمد کرتا ہے جو کہ ملکی معیشت پر ایک بوجھ ہے،امسال حکومت پنجاب تیلدار اجناس کا زیرِ کاشت رقبہ بڑھانے کیلئے سورج مکھی کی کاشت پر5000 روپے فی ایکڑ کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے تاکہ ملکی درآمدی بل میں کمی لائی جا سکے۔