شہیدایس پی طاہرداوڑکے متعلق اراکین اسمبلی کیلئے ان کیمرہ سیشن کے انعقادکافیصلہ

جمعرات 13 دسمبر 2018 20:19

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) افغانستان میں شہید ایس پی طاہرداوڑکے متعلق حکومت نے اپوزیشن مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے اراکین اسمبلی کیلئے ان کیمرہ سیشن کے انعقادکافیصلہ کیاہے ،صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں اے این پی کے سردارحسین بابک نے تحریک التواء پیش کی کہ شہیدطاہرداوڑکے بے دردی سے قتل کئے جانے کے فعل سے کئی سوالات جنم لیتے ہیں ‘طاہرداوڑکوکس طرح اغواکرکے زمینی راستے افغانستان لے جایاگیااس متعلق تمام تفصیلات سامنے لائی جائیں ،سرداربابک نے کہاکہ سینکڑوں چیک پوسٹوں کی موجودگی اور بارڈرپرباڑ لگانے کے باوجودطاہرداوڑکوکس طرح لے جایاگیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرقانون سلطان محمدنے کہاکہ حکومت اپوزیشن کے مطالبے کوتسلیم کرتی ہے اوربہت جلد صوبائی پارلیمانی لیڈرزکوطاہرداوڑکے مسئلے پر ان کیمرہ سیشن کاانعقادکیاجائے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پاکستانی افواج اور دیگرفورسزکی خدمات کوپوری دنیامیں سراہاجارہاہے اس دلخراش واقعے پر وزیر داخلہ نے خود طورخم بارڈرپرحاضری دی تاکہ ان کی جسد خاکی کووصول کیاجاسکے۔بعدازاں اسمبلی نے تحریک التواء کو بحث کیلئے منظورکرلیا۔