Live Updates

صحت عامہ کے تحفظ پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، ڈاکٹر نوشین حامد

ْصحت مند دل کیلئے روزانہ چالیس منٹ تک خالی پیٹ تیزپیدل چلنا لازم ہے، ڈاکٹر مہدی حسن راجہ

جمعرات 13 دسمبر 2018 21:47

صحت عامہ کے تحفظ پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، ڈاکٹر نوشین حامد
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ صحت عامہ کے تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ صحت مند زندگی گزارنے کی عادات اپنائی جائیں، لائف سٹائل میں تساہل پسندی چھوڑ کر متوازن غذاکا استعمال کیا جائے، تفکرات سے پاک آسودہ زندگی گزارنے کو ترجیع دی جائے، پی ٹی آئی کی حکومت تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور دیہی اور شہری علاقوں میں علاج معالجے کی سہولیات ہر سطح پر عام کی جا رہی ہیں۔

انہوںنے یہ بات ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار کا اہتمام ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ نیٹ ورک اور ولنٹری آرگنائزیشن برائے آگاہی تعلیم و صحت (وائیسس)کے تعاون سے کیا گیا جس میں ہیلتھ اینڈ سوشل سیکٹر کی نمایاں شخصیات ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اورمختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیمینار کے دوران امراض قلب کے بارے میں خصوصی تحقیقی مقالہ پیش کرتے ہوئے بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر مہدی حسن راجہ نے ان بنیادی طبی اصولوںاور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جنہیں اختیار کرکے دل کی بیماریوں سے تحفظ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ صحت مند دل کے لئے روزانہ چالیس منٹ تک خالی پیٹ تیزچلنا لازم ہے،جسم میں کولسٹرول، بلڈ پریشر اور شوگر کو کنٹرول کرنے سے امراض قلب سے بچائو ممکن ہے۔ ڈاکٹر مہدی حسن راجہ نے کہاکہ مرغن غذائیں اور جنک فوڈ سے نوجوان دل کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیںاور ان اشیاء کا متواتر استعمال سخت نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ بیکری کی مصنوعات، مٹھائیاں، کولڈ ڈرنکس اور آئل سے بھی دل کے امراض لاحق ہوتے ہیں۔

کیمیکلز کا زیادہ استعمال بھی دل کو متاثرکرتا ہے۔ڈاکٹر مہدی حسن راجہ نے کہاکہ صرف واک ، سادہ غذا اور احتیاط سے دل کی بیماریوں سے بچائو ممکن ہے اوراس مقصد کے لئے کوئی مصنوعی ڈائٹ پلان کارگر ثابت نہیںہوتا۔ چیف ایگزیکٹو وائیس سمیرا حنا مہدی نے کہاکہ وائیس تعلیم و صحت کے بارے میں عوامی آگاہی کے لئے کوشاںہے اور تعلیمی اداروں میں تربیتی سیمینارز اور اس نوعیت کی دیگر تقریبات کے انعقاد سے لوگوںکو دل کی بیماریوں سے بچائو سے آگاہ کیاجا رہاہے۔ سیمنیار سے سی ای او ہیومن ریسوس ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک مسز روبیلہ بنگش ،مسز صائقہ اشرف اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر شاندار خدمات پر ڈاکٹر مہدی حسن راجہ کو گولڈ میڈل پیش کیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات