Live Updates

حضورپاک ﷺ کی حیات مبارکہ تمام بنی نوع انسان کے لیے ضابطہ اخلاق ہے، ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق

جمعرات 13 دسمبر 2018 21:47

راولپنڈی 13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے کہا ہے کہ نبی پاک ﷺ کی بتا ئی ہوئی تعلیمات پر عمل پیر ا ہو کر دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت بھی سنواری جاسکتی ہے، حضور پاک ﷺ کی حیات مبارکہ تمام بنی نوع انسان کے لیے ضابطہ اخلاق ہے، وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ بنانا چاہتے ہیں، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور ہم سب نے مل کر اس مقصد کو پورا کرنے میں حکومت کی رہنمائی کرنی ہے، ہمیں تمام تراختلاف کو بالائے طاق رکھ کر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی، ملک میں امن و امان اور مستحکم پاکستان کے لیے علماء کرام اپنا کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے راولپنڈی پریس کلب میں زونل سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیر نقیب الرحمان ،زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف بابر سلطان گوندل،سٹی نائب صدر تحریک انصاف عمر بٹ، زونل خطیب مفتی عنایت الرحمن،ڈسٹرکٹ خطیب حافظ اقبال رضوی،پیراظہار بخاری، شوکت جعفری،ڈسٹرکٹ خطیب جہلم مولانا طارق محمود جشتی ،مولانا حق نواز ،عبدالرحیم عباسی ،پاسٹر عادل مسیح گل سمیت دیگر مکاتب فکر کے جید علماء کرام سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

سجادہ نشین عید گاہ شریف پیر نقیب الرحمن نے کہا کہ ختم نبوت پر آنچ نہیں آنے دیں گے اور نہ ہی نبی پاک ﷺ کی شان میں گستاخی برداشت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نبی پاکﷺ کا اسوہ حسنہ نہ صرف امت مسلمہ بلکہ تمام نبی نوع انسان کے لئے مشعل راہ ہے -زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف بابر سلطان گوندل نے کہا کہ سیرت نبیﷺ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور دیگر مذاہب کے رہنماؤں کی برابرشرکت پر ان کا مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف سیرت النبی کی محافل نہ صرف ربیع الاول میں بلکہ سارا سال سجانے کے انتظامات کر رہا ہے۔اس موقع پر اظہار حسین بخاری نے کہا کہ وہ امریکہ کے صدر ٹرمپ کے مذہبی آزادی کے خلاف بیان کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے اندر جتنی مذہبی آزادی اقلیتوں کو حاصل ہے، اتنی پوری دنیا کے کسی دوسرے خطہ میں نہیں۔ اس موقع پر پاسٹر عادل مسیح گل نے کہا کہ ٹرمپ کااقلیتوں کے حوالے سے بیان درست نہیں -پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ اس موقع پر مولانا حق نواز راحت گوندل،شوکت جعفری ،عبدالرحیم عباسی سمیت دیگر علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تما م مکتبہ فکر کے علماء کرام کو متفق ہو کر باہمی اختلافات کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات