تربیتی کورسز، ترقی کے عمل کو تیز کرتے ہیں، کمشنر سوشل سیکورٹی

ادارے کے کل بجٹ کا 65فی صد محنت کشوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کیاجاتا ہے، دوروزہ تربیتی کورس سے خطاب

جمعرات 13 دسمبر 2018 22:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) کمشنر سندھ سوشل سیکورٹی کاشف گلزار شیخ نے کہا ہے کہ طب کے پیشے سے وابستہ افراد ادارے کے لئے شو ونڈو کی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ تربیت ترقی کے عمل کو تیز کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بات سوشل سیکورٹی کے ڈاکٹرز کے لئے منعقدہ دو روزہ تربیتی کورس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ادارے کے 15 ڈاکٹرز نے شرکت کی۔

انہوں نے کہاکہ سوشل سیکورٹی کا ادارہ بیماری، دوران کارچوٹ، معذوری اور دیگر مشکلات کی مدد کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ سوشل سیکورٹی کے تحت فراہم کئے جانے والے فوائد میں سب سے اہم فائدہ طبی سہولتوں کی فراہمی ہے جس پر تقریبا کل بجٹ کا 65 فیصد خرچ کیا جاتا ہے۔ اپ کا براہ راست واسطہ محنت کش طبقہ سے ہوتا ہے جس کے سود مند نتائج اسی صورت میں سامنے آسکتے ہیں جب آپ اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی، جانفشانی اور لگن سے انجام دیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرز کی تھوڑی سی توجہ ادارے کی نیک نامی کے ساتھ مریضوں کی دلجوئی اور انکے بہتر علاج کا سبب بن سکتی ہے۔ تربیتی کورس سے مینجمنٹ کنسلٹنٹ سلمان عارف حسین ،ڈامیڈیکل یونیورسٹی، سول ہسپتال کے ای این ٹی انچارج پروفیسر ڈاکٹرعاطف حسین صدیقی ، ڈاکٹرشہناز شلوانی ، ولیکا ہسپتال کے آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹرغلام حسین ،شعبہ اطفال کے سربراہ ڈاکٹرامان اللہ میمن اورشعبہ امراض جلد کے ماہر ڈاکٹررضوان نے لیکچر دیئے۔

قبل ازیں شعبہ تعلقات عامہ تربیت و تحقیق کی ڈائریکٹرنشاط زیدی نے بتایا کہ یہ تربیتی پروگرام شعبہ تربیت و تحقیق کا 249واں پروگرام ہے جبکہ ڈاکٹروں کیلئے یہ 48واں پروگرام ہے۔ تربیتی سیشن کے آخری روز ادارے کے وائس کمشنر شاہد عبدالسلام نے شرکا کو تربیتی کورس مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور شرکا میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :