کراچی کو روشنیوں کا شہر اور ملکی سرمایہ کار ی کا مرکز مانا جاتا ہے، کراچی شہر کی روشنیوں کو بحال رکھنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان قومی اسمبلی کے وفد سے گفتگو

جمعرات 13 دسمبر 2018 22:47

کراچی کو روشنیوں کا شہر اور ملکی سرمایہ کار ی کا مرکز مانا جاتا ہے، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کراچی کو روشنیوں کا شہر اور ملکی سرمایہ کار ی کا مرکز مانا جاتا ہے، اس شہر کی روشنیوں کو بحال رکھنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان قومی اسمبلی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر سے ملاقات کی۔

ملاقات کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی اقبال محمد علی، عثمان قادری اور صلاح الدین شامل تھے۔ ملاقات میں کراچی شہر کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے کہا کہ کاروباری طبقہ کو پرامن ماحول فراہم کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور وفاقی حکومت اور سندھ کی صوبائی حکومت کو کراچی سمیت حیدرآباد کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور انفراسٹکچرکو بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔ وفد کے شر کاء نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے سپیکر کو احسن طریقے سے ایوان کی کارروائی چلانے پر مبارکباد دی انہوں نے سپیکر کو کراچی میں سیوریج، صاف پانی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا اور ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے قانون سازی کے عمل میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔سپیکر نے وفد کو تما م مسائل حل کرنے میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اٴْنہیں آئندہ چند روز میں حکومتی وزراء کے ساتھ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی نشست کا اہتمام کا بھی یقین دلایا۔