بنیادی تعلیم و کمیونٹی سکول سسٹم سے وابستہ اساتذہ کے وفاقی سیکرٹری ارشد مرزا کے ساتھ مذاکرات کامیاب ، دھرنا ختم

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) بنیادی تعلیم و کمیونٹی سکول سسٹم سے وابستہ اساتذہ نے وفاقی سیکرٹری ارشد مرزا کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد کئی روز سے جاری دھرنا ختم کر دیا۔ مذاکرات کا عمل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی ہدایت پر جمعرات کو منعقد ہوا اور اساتذہ کے نمائندوں اور وزارت تعلیم کے حکام کے مابین مذاکرات ثمر بار ثابت ہوئے جس پر مظاہرے اور دھرنے کے قائدین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے بھی مذاکرات کرنے میں اہم کر دار ادا کیا۔ مذاکرات کے دوران بنیادی تعلیم و کمیونٹی سکول سسٹم کی احتجاجی قیادت کو تحریری یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ کسی بھی استاد کو ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا اور وزارت تعلیم بی ای سی ایس کے اساتذہ کے واجبات کی فوری ادائیگی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اور انھیں مستقل کئے جانے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ بی ای سی ایس سکول کے اساتذہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف اور ملازمتوں کی مستقلی کے مطالبات کے لئے گزشتہ کئی روز سے ڈی چوک پر دھرنا دیئے ہوئے تھے، مطالابات کی منظوری پر جمعرات کو دھرنا ختم ہو گیا ہے۔