ہیوی ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کے لئے کمشنر کراچی نے ایکشن پلان تیار کر لیا

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:33

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) کراچی انتظامیہ نے شہر میں ہیوی ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کے لئے ایکشن پلان تیار کر لیا ہے ۔ میئر کراچی وسیم اختر اور کمشنر کراچی افتخار شالوانی جمعہ کو ہائی کورٹ میں ایکشن پلان پیش کریں گے۔ ہائی کورٹ کی منظوری کے بعد مجوزہ ایکشن پلان پر عمل کیا جا ئے گا۔ ایکشن پلان میں فوری نوعیت اور طویل المدتی نوعیت کے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔

مجوزہ ایکشن پلان کراچی انتظامیہ نے ہائی کورٹ کی ہدایت پر تیار کیا ہے۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس سلسلہ میں کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی صدارت میں ان کے دفتر میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ، ڈی جی کے ڈی اے، تمام ڈپٹی کمشنرز، بلدیہ عظمی، پاکستان ریلویز کے پی ٹی، کنٹونمنٹ بوڈز،ڈی ایچ اے آیل کمپنیوں اور آیل ٹینکرز ایسوسی ایشنز کے نمائندوں، عدالتی کارروائی کے فریقین اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے کمشنر کراچی کو ٹیکنکل رپورٹ پیش کی جس پر اجلاس میں تما م اسٹیک ہولڈرز نے تفصیلی غورو خو ض کیا۔گذشتہ ہفتہ منعقدہ ایک اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو ٹاسک دیا گیا تھا کہ وہ تمام تیکینکی تقاضوں اور ماہرانہ رائے کے ساتھ اس ٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رپورٹ تیار کرے جو اجلاس میں مزید مشاورت اور غور وخوض کے بعد رپورٹ کو حتمی شکل دی جائے گی جو ہائی کورٹ میں پیش کی جائے گی۔

اجلاس میں انٹر سٹی بس اڈوں کے التواء کے شکار منصوبوں پر بھی غور کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ شہر کے اند ر انٹر سٹی بس اڈوں کی منتقلی کے اقدامات کئے جائیں گے اور یقینی بنایا جائے گا کہ انٹر سٹی بسوں کو شہر سے باہر منتقلی کے لئے شہر سے باہر انٹر سٹی بس اڈے تعمیر کئے جائیں اس حوالہ سے منصوبہ بندی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ کمشنر نے کہا کہ ہیوی ٹریفک کا مسئلہ شہر کا دیرینہ اور اہم مسئلہ ہے، مسئلہ کو دور کر نے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز اپنا کر دار ادا کریں۔