پاکستان کے ٹاپ کیوئسٹ پاکستان بلئیرڈ اور اسنوکر ایسوسی ایشن کے خلاف پھٹ پڑے مطالبے پورے ہونے تک اسنوکر کے کھیل کو جاری نہ رکھنے کا اعلان کردیا

چیمپئن شپ میں شرکت کرنے سے روکنے پر ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے، اسنوکر کو نیشنل گیمز کا حصہ بنایا جائے ،کیوئسٹ کا مطالبہ

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:35

پاکستان کے ٹاپ کیوئسٹ پاکستان بلئیرڈ اور اسنوکر ایسوسی ایشن کے خلاف ..
لاہور۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) پاکستان کے ٹاپ کیوئسٹ محمد آصف، بابر مسیح اور محمد سجاد پاکستان بلئیرڈ اور اسنوکر ایسوسی ایشن کے خلاف پھٹ پڑے۔ انہوں نے اپنے مطالبے پورے ہونے تک اسنوکر کے کھیل کو جاری نہ رکھنے کا اعلان کردیا ، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن نے انہیںمصر میں ہونے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ 6ریڈ اینڈ ٹیمز اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کرنے سے روک دیاجبکہ ہم لوگ ماضی میں ہونے والی چار چیمپئن شپ میں سے تین جیت چکے تھے اور ایک کے فائنل میں پہنچے تھے ۔

انہوں نے کہاکہ ایسوسی ایشن نے ہمیں کنٹریکٹ پر بغیر پڑھے دستخط کرنے کے لئے کہا اور انکار پر ہمیں چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم کردیا۔

(جاری ہے)

محمد آصف نے کہا کہ میں تین بار ورلڈ چیمپئن، 3 بار ایشئین چیمپِن بنا ۔بابر مسیح اور محمد سجاد بھی پاکستان کے لئے میڈل جیت چکے ہیں لیکن ہم سب کو مصر میں ہونے والی ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں روکا گیا اور الٹا ہم پر الزام لگادیا کہ ہم نے چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی سے انکار کردیا، ہم ایسا سوچ بھی نہیں سکتے، ملک کی نمائندگی کرنا ہر کھلاڑی کے لئے فخر کا باعث ہوتا ہے۔

اسنوکر ایسوسی ایشن نے میرے اور بابر مسیح کے ساتھ بہت زیادتی کی۔ اسنوکر ایسوسی ایشن نے 2019 کا سنٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرنے کے لئے زور ڈالا ۔ ہمیںکہا گیا کہ معاہدہ کرو گے تو ہی ورلڈ چیمپئن شپ میں جائوگے لیکن ہم کنٹریکٹ کو پڑھے بغیر کیسے دستخط کرسکتے تھے، ہمارا 2018 کا کنٹریکٹ ابھی ختم نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے کہاکہ نئے کنٹریکٹ میں کھلاڑیوںکے حق کے لئے کوئی بات نہیں کی گئی۔

کنٹریکٹ ختم ہونے سے پہلے نیا کنٹریکٹ سائن کروانے کی کوشش کی گئی ۔آج سے قبل کبھی ہمیں سنٹرل کنٹریکٹ پڑھایا بھی نہیں گیا ہماری گیم میں نہ ڈیپارٹمنٹ ہیں نہ ہی اسے نیشنل گیمز میں شامل کیا گیا۔ بابر مسیح نے کہا کہ ورلڈ چیمپئن شپ کے ہم دفاعی چیمپئن تھے، بد قسمتی سے ہمیں شرکت کرنے سے روک دیا گیا ۔فیڈریشن ہمیشہ ہی طفل تسلیاں دیتی آئی ہے۔

محمد سجاد نے کہا کہ آواز بلند کرنا، ہمارا جرم بن گیا، ہمیں ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے سے روکا گیا ہے، محمد آصف بابر مسیح اور محمد سجاد نے چیف جسٹس اور وزیر اعظم پاکستان سے اپیل ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے اور اس معاملہ کی انکوائری کرکے ذمہ دارروں کو سزا دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ ہمار ا مطالبہ یہ ہے کہ ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کرنے سے روکنے پر ہمیں جو نقصان ہوا ہے اور شہرت کو نقصان پہنچا ہے اس کا ازالہ کیا جائے ۔اسنوکر کو نیشنل گیمز کا حصہ بنایا جائے اور کھلاڑیوں کو نوکریاں دی جائیں ۔ٹاپ کیوئسٹ کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارے مطالبے پورے نہیں ہوں گے اسوقت تک ہم اسنوکر کے کھیل کو جاری نہیں رکھیں گے ۔