Live Updates

شاہ محمود قریشی اپنے ٹوئیٹر اکاونٹ کے مصدقہ ہونے پر خوش

پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کو پس پردہ حمایتی قرار دے دیا،کامیابی کا سہرا بھی ان کے سر باندھ دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 13 دسمبر 2018 21:19

شاہ محمود قریشی اپنے ٹوئیٹر اکاونٹ کے مصدقہ ہونے پر خوش
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-13 دسمبر 2018ء) :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کو پس پردہ کام کرنے والی قوت قرار دے کر پارٹی کی کامیابی کا سہرا بھی ان کے سر باندھ دیا۔تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے میڈیا کا استعمال کرنا ایک معمول کی پریکٹس ہے۔تاہم جب سے دنیا میں سوشل میڈیا نے قدم رکھا ہے ، سیاسی قوتوں نے سیاسی مقاصد کے لیے اس فورم کا خوب استعمال کیا ہے۔

آسان رسائی اور زیادہ لوگوں تک اپنی بات پہنچانے کے لیے معاشرے کے دیگر لوگوں کی طرح سیاستدان بھی میڈیا کو ایک اچھا پلیٹ فارم سمجھتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں بھی سیاستدان اس فورم کا بھرپور استعمال کرتے ہیں۔مسلم لیگ ن کے دور کے آخری حصے میں سابق حکمران جماعت نے اپنا سوشل میڈیا فورم بنا لیا تھا جس نے بھرپور انداز میں ان کے موقف کو عوام تک پہنچایا۔

(جاری ہے)

تاہم سوشل میڈیا کا کامیاب استعمال جس طرح سے پاکستان تحریک انصاف نے کیا ویسے شائد کوئی سیاسی جماعت نہیں کرسکی ۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کرتا دھرتا بھی اپنی کامیابی کا سہرا سوشل میڈیا کے سر باندھتے ہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے سوشل میڈیا اکاونٹ کو تصدیق شدہ قرار دیا گیا تو شاہ محمو د قریشی نے خوشی میں اپنی اور اپنی جماعت کی کا میابی کا سہرا سوشل میڈیا کے سر باندھ دیا۔

انکا کہنا تھا کہ میں اپنے اکاونٹ کی تصدیق کروانے کے لیے عمران غزالی کی کاوشوں پر انکا شکر گزار ہوں۔پاکستان تحریک انصاف آج جس مقام پر ہے وہاں اس کا پہنچنا سوشل میڈیا ٹیم کے بغیر ممکن نہ تھا۔ہماری سوشل میڈیا ٹیم پس پردہ وہ قوت ہے جو ہماری مدد کے لیے انتھک محنت کرتی ہے۔انہوں نے تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کو پارٹی کا اثاثہ قرار دے دیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات