قائداعظم یونیورسٹی کے زیراہتمام ماہی گیری کے عالمی دن کے حوالہ سے واک کا انعقاد

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ حیوانیاتی سائنسز نے ماہی گیری کے عالمی دن کے حوالہ سے واک کا اہتمام کیا۔ جمعرات کو یونیورسٹی میں ہونے والی واک میں فیکلٹی اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واک کا مقصد پانی اور زندگی کی اہمیت کو نمایاں کرنا تھا، دنیا کا دوتہائی حصہ پانی پر مشتمل ہے اور کروڑوں کی تعداد میں لوگ ماہی گیری کے پیشہ سے وابستہ ہیں، سمندری خوراک اربوں انسانوں کا پیٹ پال رہی ہے۔

(جاری ہے)

واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ پاکستان میں آبی زراعت کی صنعت کیلئے موزوں ماحول ہے، پاکستان زراعت کے جدید اور منفرد طریقوں کو اپنا کر معیشت کو ترقی دے سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ماحول اور پانی کو صاف رکھا جائے جو آبی حیات کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ڈاکٹر امینہ زوبری، حیاتیاتی علوم کے ڈین فیکلٹی ڈاکٹر محمد شہاب نے شرکاء کو فیکلٹی اور شعبہ کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔