نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس کے تحت پراجیکٹ پراڈکٹ کی نمائش اور کانفرنس کا انعقاد

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ریکٹر خالد اصغر نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں الیکٹرانکس کے شعبہ کا کردار قابل تقلید ہے، موجودہ دور میں الیکٹرانس کی صنعت کو فروغ اور معاشی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے اکیڈیمیا اور صنعت کے مابین تعلق کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس کے تحت پراجیکٹ پراڈکٹ کی نمائش اور ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد ہوا۔

کانفرنس کا عنوان’’ پاکستان میں الیکٹرانکس انڈسٹری کو درپیش چلنجز اور اس کا مستقبل‘‘ تھا۔ کانفرنس میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سے متعلقہ ادارے، جامعات کے طلباو طالبات اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی،کانفرنس کا بنیادی مقصدالیکٹرانکس کے شعبہ میں تحقیق کے فروغ اور پبلک پرائیویٹ شعبہ کے تحت تحقیقی سرگرمیوں کا انعقاد تھا۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں بتایاگیا کہ پاکستان میں الیکٹرانکس انڈسٹری کو مستحکم کرنے کیلئے اکیڈیمیا اور صنعت کے مابین لنک کو بڑھانے کی ضرورت ہے ،اس موقع پر منعقدہ نمائش میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس، آر اینڈ ڈی سے متعلقہ ادارے،نجی و سرکاری شعبہ اور یونیورسٹیوں کی جانب سے اپنے اپنے پراجیکٹ کی نمائش کی گئی تھی۔ تقریب کے مہمان خصوصی نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ریکٹر خالد اصغر نے اپنے خطاب میں 21ویں صدی کی جدید ٹیکنالوجیز کی اہمیت کو اجاگر کیا اور الیکٹرانکس کے میدان میں افرادی قوت کی بہتری اورفنی مہارت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کاکہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس کا اس شعبہ میں کردار لائق تحسین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی معیشت میں مینوفیکچرنگ کے شعبہ کا حصہ 10 فیصد ہے جبکہ الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ کا معاشی ترقی میں چھ فیصد حصہ ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس کے ڈائریکٹر جنرل عبدالمجید سومرو نے کہا کہ ماڈرن ٹیکنالوجی نے ترقی پذیر ممالک کے سماجی و معاشی سٹرکچر کو متاثر کیا ہے، انٹرنیٹ، بگ ڈیٹا، بلاک چین، مصنوعی ذہانت جیسی موجودہ ٹیکنالوجیز نے دنیا کے معاشی، سماجی اور صنعتی شعبہ میں اپنے نقوش چھوڑے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ اس شعبہ میں جامعات، صنعتوں اور تحقیقی اداروں کو شامل کرتے ہوئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

کانفرنس میں پاکستان کونسل فار رینیوایبل انرجی ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر باقر رضا اور رہوڈاینڈ شوارز کے منیجنگ ڈائریکٹر حارث علی نے بھی خطاب کیا۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس کے تحت منعقدہ نمائش یونیورسٹیوں کے طلباء کیلئے جمعہ کو بھی جاری رہے گی۔