ڈالر کی قدر 150 روپے تک پہنچنے کی پیشن گوئی

عالمی مانیٹری ادارے فچ سلوشنز نے مالی 2019 تک اختتام تک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مزید کمی واقع ہونے کا امکان ظاہر کردیا

muhammad ali محمد علی جمعرات دسمبر 23:10

ڈالر کی قدر 150 روپے تک پہنچنے کی پیشن گوئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 دسمبر2018ء) ڈالر کی قدر 150 روپے تک پہنچنے کی پیشن گوئی، عالمی مانیٹری ادارے فچ سلوشنز نے مالی 2019 تک اختتام تک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مزید کمی واقع ہونے کا امکان ظاہر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ڈالر کی قدر میں مزید اور تاریخی اضافے کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے۔ پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال سے متعلق عالمی مانیٹری ادارے فچ سلوشنز نے تجزیاتی رپورٹ جاری کی ہے۔

مانیٹری ادارے فچ سلوشنز کی جانب سے پیشن گوئی کی گئی ہے کہ مالی 2019 تک اختتام تک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مزید کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔ عالمی مانیٹری ادارے فچ سلوشنز کا کہنا ہے کہ پاکستان کو زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کیلئے اب بھی آئی ایم ایف کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

تاہم پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ ہونے میں مزید کئی ماہ لگیں گے۔

عالمی مانیٹری ادارے فچ سلوشنز کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے میں تاخیر کے باعث مالی سال 2019 کے آخر تک ڈالر کی قدر 150 روپے کی سطح تک پہنچ سکتی ہے۔ دوسری جانب جمعرات کو کاروباری روز کے اختتام پر انٹرکرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدرمیں2پیسے کی کمی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر70پیسے اضافے سے ملکی تاریخ کی بلند سطح 140.00روپے پہنچ گئی۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جمعرات کوانٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت 2پیسے کمی ریکارڈ کی گئی ، جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید138.90روپے سے گھٹ کر138.88روپے اور قیمت فروخت139.00روپے سے گھٹ کر138.98روپے ہوگئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت میں70پیسے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ،جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید138.80روپے سے بڑھ کر139.50روپے اورقیمت فروخت139.30روپے سے بڑھ کر140.00روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔