وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار کی زیرصدارت وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات میں بارہویں پانچ سالہ منصوبے پر اجلاس

غربت کا خاتمہ ، بنیادی تعلیم کا فروغ ، چھوٹی صنعتوں کے فروغ اور قیام امن کے لیے اداروں کی مضبوطی آئندہ پانچ سالہ منصوبے کی ترجیحات ہیں،مخدوم خسرو بختیار

جمعہ 14 دسمبر 2018 01:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ بارہویں پانچ سالہ منصوبے کی اولین ترجیح معاشی ترقی اور اس میں نجی شعبے کے کردار کو وسعت دینا، پیداوار کا معیار بہتر بنانا، جدید انفراسٹرکچر، حکومتی اداروں میں اصلاحات اور انسانی وسائل کی ترقی شامل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات میں بارہویں پانچ سالہ منصوبے پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی ظفر حسن، ایڈ یشنل سیکرٹری علی رضا بھٹہ ، چیف ماس میڈیا وحید زمان سمیت وزارت کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خسرو بختیار نے کہا کہ غربت کا خاتمہ ، بنیادی تعلیم کا فروغ ، چھوٹی صنعتوں کے فروغ اور قیام امن کے لیے اداروں کی مضبوطی آئندہ پانچ سالہ منصوبے کی ترجیحات ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر نے کہا کہ پائیدار ترقی اور اقتصادی استحکام حاصل کرنے کے لئے ایک موثر حکمت عملی تیار کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک اور نجی شعبے میں معاشی ماہرین کو یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ ملک کے صنعتی شعبے کو فروغ دینے اور تکنیکی ترقی کو بڑھانے کے لئے پی ایس ڈی ڈی کے منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر کو پانچ سالہ منصوبہ کی تیاری پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

متعلقہ عنوان :