انتخابات میں شکست کھانے والے مودی کا پاکستان دشمنی کو مزید ہوا دینے کا امکان

مودی پاکستان دشمنی کو ہوا دے کر ہی انتخابی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کریں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 14 دسمبر 2018 12:08

انتخابات میں شکست کھانے والے مودی کا پاکستان دشمنی کو مزید ہوا دینے ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 دسمبر 2018ء) : پاکستان کے ہمسایہ ملک بھارت کی پانچ ریاستوں میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں بھارتی جنتیہ پارٹی کو ہونے والی بد ترین شکست کے بعد مودی کی جانب سے پاکستان دشمنی کو ہوا دینے کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔ عین ممکن ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی آئندہ انتخابات میں پاکستان دشمنی کو مزید ہوا دے کر انتخابی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کریں۔

اگر ایسا ہوا تو خطے کا امن و امان خراب ہو سکتا ہے۔ بھارت کے کئی تجزیہ کار اور صحافی مودی کی پاکستان دشمنی اور پاکستان مخالف بیانات سمیت ان کے جنگی جنون کو بھی سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے کیے جانے والا ڈھونگ ہی سمجھتے ہیں۔ اس حوالے سے ایک بھارتی صحافی نے ٹویٹر پیغام میں اشارہ بھی دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کے سیاسی تجزیہ کار اشوک سوائن نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ریاستی انتخابات میں شکست کھانے والے مودی عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے کسی بھی خطرناک حد تک جا سکتے ہیں۔

اس حوالے سے بھارت کو تیار رہنا چاہیئے، آنے والے 5 ماہ میں بھارت میں فسادات پھوٹ سکتے ہیں، جبکہ سرحد پر پاک بھارت کشیدہ میں بھی نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اس حوالے سے بھارتی سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سرحد پر پاک بھارت کشیدگی عام یا روایتی سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں نہیں ہوگی۔ تجزیہ کاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی جنگ کی شکل بھی اختیار کر سکتی ہے۔ مودی یہ سب کچھ کرکے عوام میں پاکستان مخالف جذبات بھڑکائیں گے اور اسی کو بنیاد بنا کر آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔