Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک اور کارنامہ

گیس بحران کے ذمہ داران کو ہی تحقیقاتی ٹیم کا ممبر بنا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 14 دسمبر 2018 12:25

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک اور کارنامہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 دسمبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ایک اور کارنامہ کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے گیس بحران کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی ٹیم تو تشکیل دے دی لیکن گیس بحران کے ذمہ داران کو ہی اس ٹیم کا ممبر بنا دیا۔ جن کا کام گیس بحران کو روکنا تھا حکومت نے انہی کو گیس بحران کی تحقیقاتی ٹیم میں شامل کر لیا۔

حکومت کی جانب سے ڈی جی گیس کو ہی گیس بحران کی تحقیقاتی ٹیم کا ممبر بنا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گیس سپلائی کو یقینی بنانا، ریگولیٹ کرنا ، قلت سے پہلے ہی ایکشن لینا ڈی جی گیس کا فرض ہے۔ لیکن حکومت نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا ممبر ڈی جی گیس شاہد یوسف کو بنا دیا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم نے گیس کے بحران کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے نا اہلی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا اور اس حوالے سے آئندہ 72 گھنٹوں میں رپورٹ بھی طلب کی تھی۔

(جاری ہے)

وزیرپیٹرولیم نے ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی کو گیس بحران کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے گیس بحران کی تحقیقات کے لیے چئیرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی بنادی تھی اور کمیٹی کو سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے ایم ڈیز کے خلاف تحقیقات کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ اس کمیٹی میں چئیرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل کے علاوہ ڈی جی پلاننگ کمیشن قاضی سلیم صدیقی اور ڈی جی ایل جی عمران احمد بھی کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔

واضح رہے کہ کراچی میں جاری گیس کا بحران مبینہ طور پر مصنوعی نکلا تھا ، ذرائع کے مطابق سندھ کی گیس پنجاب کو فراہم کرنے کا انکشاف ہوا تھا، پی پی ایل کے ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ گمبٹ گیس فیلڈ میں کوئی خرابی نہیں ہے بلکہ گیس بحران کی اصل وجہ آر ایل این جی ٹرمینل میں خرابی ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے صوبے بھر میں سی این جی سیکٹرکو گیس کی فراہمی غیر معینہ مدت کے لیے بند کردی تھی جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن اب حکومت نے گیس بحران کو روکنے کے ذمہ داران کو ہی کمیٹی میں شامل کردیا جس پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات