حریت فورم کا سوپور کے شہدا کو خراج عقیدت ، حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت

جمعہ 14 دسمبر 2018 12:38

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے سوپور کے علاقے براٹھ کلان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوں اویس احمد بٹ اورطارق احمد ڈار کوزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری شہداء کی گرانقدر قربانیوں کی بدولت ہی جدوجہد آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے پر پہنچ گئی ہے ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت فورم کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہاکہ بھارتی حکمرانوں کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کو فوجی طاقت اور بدترین ظلم و تشدد اور گرفتاریوں کے ذریعے دیوار کے ساتھ لگانے کا عمل اگرچہ جاری ہے تاہم اس قسم کے جارحانہ حربوں سے کشمیریوںکو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو جاری رکھنے سے روکا نہیں جاسکتا اورنہ ہی مسئلہ کشمیر کی حساسیت کے حوالے سے عالمی رائے عامہ کو گمراہ کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران میرواعظ عمر فاروق کی ہدایت پر فورم کے ایک وفد نے حاجن سونہ وار ی جاکر گزشتہ دنوں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والوں ثاقب اور مدثر کے گھر جاکر ان کے والدین کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقعہ پر میرواعظ نے دونوں شہید نوجوانوں کے والدین کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوںنے ثاقب اور مدثر کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔وفد میں عبدالرشید اونتو ، عبدالمجید وانی، غلام نبی نجار اور غلام حسن میر شامل تھے ۔میرواعظ نے مجہ گنڈ میںبھارتی فورسز کی جانب سے بلا جواز اور محض انتقامی کارروائی کے تحت تباہ کئے گئے مکانوں کے مالکان سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کی اور فورسز کی اس بربریت اور ننگی جارحیت کی شدید مذمت کی۔

انہوںنے متاثرین کو یقین دلایا کہ پوری حریت قیادت مشکل کی گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ادھر حریت فورم کے ترجمان نے قابض انتظامیہ کی جانب سے حریت قائدین اور کارکنوں کی گرفتاری اور انہیں پابند سلاسل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حریت پسند اراکین کو پر امن سرگرمیوں سے روکنے کیلئے زندان خانوں کی زینت بنایا جارہا ہے ۔

دریں اثنا فورم کے ایک وفد نے غیر قانونی طورپر نظربند حریت آزادی پسند رہنماء فاروق احمدڈار کے گھر جا کر ان کی والدہ کے انتقام پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ وفد میں محمد شفیع خان، مشتاق احمد صوفی، پیر غلام نبی، غلام قادر بیگ، فارق احمد سوداگراور محمد صدیق وغیرہ شامل تھے۔ انہوںنے میر واعظ عمر فاروق کا تعزیت اور ہمدردی کا پیغام بھی پہنچایا اور مرحومہ کی بلندی درجات کی دعا کی ۔