فیاض الحسن چوہان نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کا اشارہ دے دیا

ن لیگ اب نیب لیگ بن چکی ہے۔سعد رفیق کو سالگرہ منانے کے لیے نہیں بلکہ تفتیش کے لیے گرفتار کیا، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 14 دسمبر 2018 12:34

فیاض الحسن چوہان نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کا اشارہ دے دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 دسمبر 2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز کی گرفتاری کا اشارہ دے دیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سعد رفیق کو سالگرہ منانے کے لیے نہیں تفتیش کے لیے گرفتار کیا صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ن لیگ نیب لیگ بن چکی ہے۔فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ حمزہ شہباز شریف بھی گرفتار ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے سعد رفیق سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعد رفیق کو سالگرہ منانے کے لیے نہیں بلکہ تفتیش کے لیے گرفتار کیا۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کا بھی عندیہ دے دیا۔واضح رہے دو روزقبل ایف آئی اے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی بیرون ملک روانگی کی کوشش ناکام بنا دی اور انہیں جہاز سے آف لوڈ کر دیا۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز غیرملکی ائیر لائن کی پرواز سے اپنے بھائی سے ملاقات کے لیے بیرون ملک روانہ ہو رہے تھے کہ ایف آئی اے نے انہیں بیرون ملک جانے سے روک دیا۔

ایف آئی اے ذرائع نے حمزہ شہباز کو جہاز سے آف لوڈ کرنے کی تصدیق بھی کر دی۔ ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہحمزہ شہباز غیر ملکی ائیر لائن قطر ائیرویز کی پرواز 620 سے دوحہ روانہ ہو رہے تھے کہ انہیں جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حمزہ شہباز پر نیب کیس ہے اور انہیں بیرون ملک جانے سے ممکنہ طور پر اسی لیے روکا گیا ہے کیونکہ ان پر نیب انکوائری چل رہی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادوں حمزہ شہباز اورسلمان شہباز کے خلاف غیر قانونی پل اور 56 کمپنیوں سے مبینہ تعلق کی تحقیقات جاری ہیں۔ نیب حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی بھی تحقیقات کررہا ہے ۔ حمزہ شہباز نے گرفتاری سے بچنے کے لیے حفاظتی ضمانت بھی لے رکھی ہے۔ یاد رہے کہ شہباز شریف پہلے ہی نیب حراست میں ہیں جبکہ ان کے دونوں بیٹوں پر بھی انکوائری چل رہی ہے