صنعتوں کے لیے بجلی کے کنکشن کا حصول آسان بنایا جائے‘ الماس حیدر

جمعہ 14 دسمبر 2018 13:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدرنے حکومت ، وزارت پانی وبجلی اور دیگر متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ صنعتوں کے لیے بجلی کاحصول آسان تر بنائیں کیونکہ اس سلسلے میں طویل طریقہ کار اور سرخ فیتے کی رکاوٹیں کاروباری لاگت میں اضافہ کررہی ہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کی ترقی میں بجلی کا کردار بہت اہم ہے، ماضی کی نسبت آج بجلی کی پیداوار بہت بہتر ہے لیکن صنعتوں کے لیے بجلی کے کنکشن کا حصول تاحال بہت بڑا مسئلہ ہے، اس حوالے سے عالمی رینکنگ میں پاکستان کا 167ویں درجہ پر ہونا بہت پریشان کن ہے۔

الماس حیدر نے کہا کہ بجلی کے کنکشن کا حصول کوئی معمولی معاملہ نہیں، یہ ایک اہم اکنامک انڈیکٹر ہے جس کی بہتری یا خرابی براہِ راست معاشی کارکردگی پر اثرانداز ہوتی ہے، عالمی منڈی میں مدمقابل ممالک کا مقابلہ کرنے کے لیے اس انڈیکیٹر کو ہر حال میں بہتر کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر نے تجویز کیا کہ ایک پورٹل متعارف کرائی جائے جہاں بجلی کے کنکشن حاصل کرنے کے لیے درخواستیں اور دیگر دستاویزات فراہم کی جاسکیں، یہ پورٹل سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور نادرا ڈیٹا بیس کے ساتھ منسلک ہوتاکہ درخواست دہندہ انڈسٹری کے کوائف کی فوری تصدیق کی جاسکے۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ مجوزہ پورٹل پر کریڈٹ،ڈیبٹ کارڈ اور موبائل بینکنگ کے ذریعے فیس ادائیگی کی سہولت بھی مہیا کی جائے، مزید یہ کہ تصدیق شدہ سیفٹی انسپکشن رپورٹ اور ڈیمانڈ نوٹس بھی پورٹل کے ذریعے ہی جاری کیے جائیں۔ انہوں نے لیسکو پر زور دیا کہ وہ نجی شعبے کے سرٹیفائیڈ اور رجسٹرڈ کنٹریکٹرزکی تیار کی گئی انٹرنل وائرنگ رپورٹ کو قبول کرے جبکہ رپورٹ دس دن کے اندر پورٹل پر جاری کردی جائے۔ الماس حیدر نے کہا کہ بجلی کے صنعتی کنکشن حاصل کرنے کے لیے ان مجوزہ اقدامات پرعمل درآمد سے صنعتی شعبہ کو بہت بڑی سہولت میسر آئے گی، کاروبار میں آسانی پیدا ہوگی، پیداواری لاگت کم آئے گی اور مینوفیکچرنگ کی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا ۔