پشاورسے ڈیرہ اسماعیل خان تک موٹر وے بنانے کی قرارداد پاس کراکے وفاقی حکومت کو سفارش کیلئے ارسال کردی گئی

این ایچ اینے پہلے ہی کوہاٹ کے سرحدی علاقہ کڑپہ سے لکی مروت کے علاقہ گمبیلا تک سو کلومیٹر انڈس ہائی کو دورویہ کرنے کی منظوری دی بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک میں زبردست اضافہ کے باعث موجودہ انڈس ہائی وے کی خراب حالت کے باعث روزانہ حادثات پیش آتے ہیں

جمعہ 14 دسمبر 2018 13:30

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) خیبرپختونخواہ صوبائی اسمبلی نے متفقہ طورپر جنوبی اضلاع کے لئے پشاورسے ڈیرہ اسماعیل خان تک موٹر وے بنانے کی قرارداد پاس کراکے وفاقی حکومت کو سفارش کے لئے ارسال کردی۔ یہ قرارداد ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے ممبر صوبائی اسمبلی میاں نثارگل نے صوبائی اسمبلی کے رواں اجلاس میں گزشتہ روز پیش کی تھی۔

اس موقع پر اٴْنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک میں زبردست اضافہ کے باعث موجودہ انڈس ہائی وے کی خراب حالت کے باعث روزانہ حادثات پیش آتے ہیں جن میں درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔اس قومی شاہراہ پر نہ صرف جنوبی اضلاع بلکہ شمالی اضلاع کے لوگ بھی روزانہ کراچی تک سفرکرتے ہیں جنہیں نہایت مشکلات کا سامنا ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت شمالی اضلاع ہزارہ اور سوات کے لئے بالترتیب ہزارہ ایکسپریس اور سوات ایکسپریس وے منصوبے بنارہی ہے جو اچھا اور مثبت اقدام ہے جن پر وہ شمالی اضلاع کے عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔میاں نثار گل نے مطالبہ کیا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ حکومت جنوبی اضلاع کے لوگوں کے لئے بھی سفر کی بہتر اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک موٹروے بنائے۔

میاں نثار گل کی قراردادپر سپیکرمشتاق غنی نے اسمبلی کے اراکین سے متفقہ رائے لینے پر قرارداد پاس کرکے وفاقی حکومت اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے پاس بھیجنے کی منظوری دے دی۔ واضح رہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ ای)نے پہلے ہی کوہاٹ کے سرحدی علاقہ کڑپہ سے لکی مروت کے علاقہ گمبیلا تک سو کلومیٹر انڈس ہائی کو دورویہ کرنے کی منظوری دی ہے جس پر ایک محتاط اندازے کے مطابق 35 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ کڑپہ ہی سے ضلع بنوں کے علاقے ڈومیل تک78 کلومیٹرپرانی سڑک کو دورویہ کرنے پر پہلے ہی تعمیراتی کام شروع ہے جس پر 13 ارب5کروڑاور90 لاکھ روپے کی خطیر لاگت آئے گی ۔

یاد رہے کہ جنوبی اضلاع کی عوام کا یہ دیرینہ مطالبہ رہا ہے جس کی کرک سے ممبرصوبائی اسمبلی میاں نثار گل نے صحیح نمائندگی کی جس پر علاقے کے عوام نے اٴْنہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔