ایبٹ آباد یونیورسٹی میں اینٹی کرپشن ویک کے سلسلہ میں تقریری و پوسٹر سازی مقابلے

جمعہ 14 دسمبر 2018 14:06

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ایبٹ آباد اینٹی ڈرگ سوسائٹی اور ایبٹ آباد انوائرمنٹ پروٹیکشن سوسائٹی کے زیر اہتمام اینٹی کرپشن ویک کی مناسبت سے تقریری و پوسٹر سازی کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلہ میں طلباء و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور انسداد رشوت ستانی و انسداد بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنے کیلئے تقاریر اور پوسٹر بنائے۔

اس موقع پر ڈی ایس پی پاکستان موٹرویز حامد اور ڈی ایس پی ٹریفک سرکل حویلیاں شہزادی نوشاد گیلانی نے بطور ججزز شرکت کی۔ انہوں نے پوسٹرز کا انتہائی باریک بینی سے معائنہ کیا اور طلباء و طالبات کی طرف سے بنائے گئے پوسٹرز کی انتہائی شاندار الفاظ میں تعریف کی۔

(جاری ہے)

بشریٰ زیب فارمیسی ڈیپارٹمنٹ نے پہلی، میمونہ طفیل فارمیسی ڈیپارٹمنٹ نے دوسری جبکہ فارمیسی کی ہی زینب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اسی طرح تقریری مقابلہ جس میں ججز کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر بہادر شاہ، ڈائریکٹر سوسائٹیز ڈاکٹر ایوب جدون اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوسائٹیز صاحبزادہ یاسین تھے، تقریری مقابلہ میں فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کے خالد جاوید نے پہلی، بشریٰ زیب نے دوسری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ولید مرتضیٰ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع ڈائریکٹر ٹریننگز بہادر شاہ نے اینٹی کرپشن ویک کے حوالہ سے سیمینار اور تقریری و پوسٹر سازی مقابلہ اور واک کے بہترین انعقاد پر ڈائریکٹر سوسائیٹیز ڈاکٹر ایوب جدون، صاحبزادہ یاسین، اینٹی ڈرگ سوسائٹی کی پیٹرن صائمہ ہارون اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔

پروفیسر ڈاکٹر بہادر شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس معاشرہ میں کرپشن ہو اس معاشرہ میں میرٹ ختم ہو کر رہ جاتا ہے، کرپشن میرٹ کو دیمک کی طرح چاٹ لیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے ناسور کے خاتمہ کیلئے تمام طبقات کو آگے آنا ہو گا اور اس کے خاتمہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔