پاکستان سمیت دنیا بھر میں بندروں کا عالمی دن منایا گیا

جمعہ 14 دسمبر 2018 15:17

پاکستان سمیت دنیا بھر میں بندروں کا عالمی دن منایا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعہ کے روز بندروں کا عالمی دن منایا گیا ۔ اس حوالے سے لاہورچڑیا گھرمیں مقامی سکول کے بچوں نے کیک کاٹا اوربندروں کودرپیش خطرات کواجاگرکرنے کے لئے ٹیبلوپیش کیے ، محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کا کہنا ہے کہ مری اورگلیات کے علاقوں میں مقامی بندرکی نسل تیزی سے فروغ پارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیابھرمیں ہرسال 14 دسمبرکوبندروں بارے آگاہی کا عالمی دن منایا جاتا ہے ، محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کے زیراہتمام لاہورچڑیا گھرمیں تقریب کا انعقادکیاگیا جس میں مقامی سکول کے بچوں نے شرکت کی ، بچوں نے بندروں سے مشابہت رکھنے والے لباس پہن رکھے تھے چہروں پرپینٹنگ کروائی ، بچوں نے بندروں کی نسل کودرپیش خطرات کواجاگرکرنے کے لیے ٹیبلوپیش کیااورنظمیں گائیں، بچوں نے بندروں کے عالمی دن کے موقع پرکیک بھی کاٹا، تقریب میں وائلڈلائف پنجاب کے ڈپٹی ڈائریکٹرمحمدنعیم بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹرلاہورچڑیا گھرساجدلطیف سمیت دیگرافسران اورعملے نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بات کرتے ہوئے محمدنعیم بھٹی نے بتایا کہ پنجاب کے سبزپہاڑی علاقوں میں موجود بندروں کی تعدادتیزی سے بڑھ رہی ہے ، ان کے شکاراوران کے بچوں کوپکڑنے والوں کیخلاف کارروائیاں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے اب مری اورگلیات میں مقامی بندروں کی کثیرتعدادنظرآتی ہے اورمختلف مقامات پران کے فوڈپوائنٹس بھی بنائے گئے ، تقریب میں شریک بچوں کا کہنا تھا کہ وہ بندروں کے عالمی دن پریہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بندرانسانوں سے محبت کرنیوالا جانورہے ، ان کا شکارنہیں کرنا چاہیے اوران کے کھیل تماشے بھی نہیں ہونے چاہیں۔