مقبوضہ کشمیرمیں نوجوانوں کی شہادت پر سوپور میں دوسرے روز بھی ہڑتال

جمعہ 14 دسمبر 2018 15:30

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دوکشمیری نوجوانوں کی شہادت پر آج (جمعہ) سوپور قصبے میں دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال رہی۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند جبکہ سڑکوںپر ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے اویس احمد بٹ اور طاہر احمد ڈار نامی نوجوانوں کو جمعرات کو سو پور قصبے کے علاقے گنڈ براٹھ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

شہید نوجوان سوپور کے علاقوں وار پورہ اور گنڈ براٹھ کے رہائشی تھے۔ مقامی ذرائع کے مطابق سوپور اور اسکے ملحقہ علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ان کے گھروں میں جا رہے ہیں۔ قابض انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت پر احتجاجی مظاہرے روکنے کیلئے سوپور میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کررکھے ہیں۔ انتظامیہ نے طلباء کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے سوپور سب ڈویژن کے تعلیمی اداروں میں تدس و تدرس کا کام معطل کر دیا ہے۔