یوم پاکستان شجرکاری مہم کے تحت اب تک 24 لاکھ 80 ہزار نئے پودے لگائے گئے ،ْ وزارت موسمیاتی تبدیلی

کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سپریم کورٹ کے حکم پر کیا جارہا ہے ،ْ پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب وزیر اعظم اپنے صوابدیدی اختیارات کے تحت کسی کو بھی اپنا معاون مقرر کر سکتے ہیں ،ْعلی محمد خان

جمعہ 14 دسمبر 2018 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ یوم پاکستان شجرکاری مہم کے تحت اب تک 24 لاکھ 80 ہزار نئے پودے لگائے گئے ،ْ کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سپریم کورٹ کے حکم پر کیا جارہا ہے۔ جمعہ کو وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے ملک میں اس مہم کو منظم کرنے کے لئے صوبائی سطح پر رابطہ فراہم کیا۔

متعلقہ صوبوں اور علاقوں نے اس مہم میں شرکت کے لئے اپنے وسائل استعمال کئے۔ اس مہم کے دوران تقسیم کئے گئے پودے افراد اور اداروں نے اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے لگائے اور ان کی دیکھ بھال بھی انہی کی جانب سے کی جارہی ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے بتایا کہ لاہور وزیر آباد ٹرین سروسز یا بابو پسنجر ٹرین معطل نہیں کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

کسی ٹیکنیکل وجوہ سے یہ ٹرین کچھ دنوں کے لئے معطل رہی اب بحال ہے۔

سید رفیع اللہ کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سپریم کورٹ کے حکم پر ہو رہا ہے۔وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی طرف سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل میں رکن مالیاتی سید تراب حیدر اپنی ہی تنخواہ پر ہی اپنے سکیل میں تعینات ہوئے ہیں۔ وزیراعظم کی صوابدید ہوتی ہے کہ وہ کسی کو بھی معاون کے طور پر تعینات کر سکتے ہیں اور یہ قابلیت کی بنیاد پر تعیناتی ہوتی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے کسی دوست کو نہیں لگایا۔ زلفی بخاری بیرون ملک رہتے ہیں وہ ان تارکین وطن کے معاملات کو بہتر سمجھتے ہیں۔ کسی کو ذاتی بنیادوں پر ٹارگٹ نہیں کرنا چاہیے۔ محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ اسسٹنٹ و ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی تعیناتیاں کی گئی ہیں ان کا مطلوبہ تجریہ و اہلیت نہیں ہے۔ سی ڈی اے میں جو لیگل ایڈوائزر لگائے گئے ہیں انہوں نے کچھ عرصہ قبل ایک موٹر سائیکل سوار فیملی کو تھپڑ رسید کیا اور سپریم کورٹ نے اس کا ازخود نوٹس لیا تھا۔

علی محمد خان نے کہا کہ اگر کسی کا تجربہ پورا نہیں ہے تو ان کے بارے میں تفصیلات بتا دیں اس کا جائزہ لیں گے۔ جو بھی مطلوبہ معیار پورا نہیں کرتا اس کا نوٹس لیں گے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ کئی سوال چار چار بار موخر کئے گئے ہیں۔ اس پر وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ جتنے بھی سوال آتے ہیں ان کا مکمل جواب ہونا چاہیے۔ علی محمد خان نے کہا کہ وزارت کی جانب سے تمام وزارتوں کو تفصیلی جوابات دینے کی ہدایت کی جائے گی۔