Live Updates

کرتارپور راہداری امن کاراستہ قرار ظ بھارتی اداکارہ پونم کور نے مختصر فلم ریلیز کردی

اللہ نے عمران خان کو پاکستان بدلنے کا موقع دیا ‘خواہش ہے وہ کامیاب ہوں:ٹوئٹ

جمعہ 14 دسمبر 2018 15:50

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2018ء) بھارتی تامل اداکارہ پونم کورنے دورہ پاکستان کے دوران بنائی گئی مختصر دورانیے کی دستاویزی فلم ریلیز کردی ہے، جس میں کرتاپور راہداری کھولنے کے فیصلے کو دونوں ملکوں کے درمیان امن کا راستہ قرار دیا گیا ہے۔جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے ایک پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے انہیں پاکستان کو بدلنے کا موقع دیا ہے، میں دل سے چاہتی ہوں کہ وہ اس میں کامیاب ہوں، آپ صحیح کہتے ہیں کہ ماضی میں رہنے سے اچھا ہے کہ ہم آج بدلیں، ہماری آنے والی نسل کے لیے ۔

خبر رساں ادارے کے مطابق 12 برس سے تامل فلموں میں کام کرنے والی پونم کور نے گذشتہ ماہ پاکستان کادورہ کیا تھا،اس دوران پونم کور نے 28 نومبر کو کارتارپور راہداری کھولنے کی تقریب میں بھی شرکت کی اور گوردواروں پر حاضری دی تھی۔

(جاری ہے)

اسی موقع پر انہوں نے ایک نان کمرشل فلم بنائی ،جس میں دنیا بھر میں سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والوں کو پیغام دیا گیا کہ وہ پاکستان ضرور آئیں۔

’’اے واک وِد پونم کپور ‘‘نامی یہ دستاویزی فلم 4 منٹ 36 سیکنڈ پر مشتمل ہے ،جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کی پہچان قرار دیا اور سابق بھارتی کرکٹر و ریاستی وزیر نوجوت سنگھ سدھو سے محبت کا بھی اظہار کیا۔پونم نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے ایک شعر کے ذریعے بھی اپنے پیغام کو اجاگر کیا، ’پھر اٹھی آخر صدا توحید کی پنجاب سے، ہند کو ایک مرد کامل نے جگایا ہے خواب سے ۔ کرتارپور راہداری کھولنے کے اقدام کے بعد پونم کور کو یقین ہے کہ عمران خان دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات