اوورسیز پاکستانیوں کے لیے موبائل فونز پر ڈیوٹی عائد ، سوشل میڈیا صارفین نے حکومت کو زبردست مشورہ دے دیا

حکومت پی آئی اے کے ذریعے سفر کرنے والوں کو دو موبائل فونز لانے کی اجازت دے دے ، اس سے پی آئی اے کی آمدن میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 14 دسمبر 2018 16:09

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے موبائل فونز پر ڈیوٹی عائد ، سوشل میڈیا صارفین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 دسمبر 2018ء) : الیکٹرانک ڈیوائسز بالخصوص مہنگے موبائل فونز کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے موبائل فونز پر ڈیوٹی ٹیکس عائد کر دیا جس کی بنا پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ لیکن اب سوشل میڈیا صارفین نے حکومت کو ایک زبردست تجویز پیش کر دی ہے جس سے قومی ائیر لائن پی آئی اے کو کئی گنا زیادہ فائدہ ہو سکتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے موجودہ حکومت کو یہ تجویز پیش کی ہے کہ اگر حکومت پی آئی اے کے ذریعے سفر کرکے آنے والے شہریوں کو دو موبائل فونز لانے کی اجازت دے دے اور ان پر کوئی ٹیکس عائد نہ کیا جائے تو اس طرح نہ صرف مسافر پی آئی اے پر سفر کرنے کو ترجیح دیں گے بلکہ قومی ائیر لائن پی آئی اے کے ریونیو میں اضافہ بھی ہو گا۔

(جاری ہے)

اگر حکومت یہ اعلان کر دے کہ پی آئی اے کے ذریعے پاکستان پہنچنے والے مسافروں کو دو موبائل فونز لانے کی اجازت ہو گی اور ان سے کوئی ڈیوٹی ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا تو اس صورت میں پی آئی اے دن دگنی اور رات چگنی ترقی کرے گا جبکہ مسافر بھی ڈیوٹی ٹیکس کی ادائیگی سے بچ جائیں گے اور اپنے ہزاروں روپے بچانے کے لیے پی آئی اے سے سفر کرنے کو ہی ترجیح دیں گے۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے امپورٹڈ موبائل فونز پر عائد کیے گئے ٹیکسز کی شرح کی جاری کی گئی تھی جس کے مطابق ایک سال میں ایک شہری کو بیرون ممالک سے 5 موبائل فونز منگوانے کی اجازت ہو گی جن میں سے ایک کو چھوڑ کر باقی 4 موبائل فونز پر 4 ہزار سے لے کر 83 ہزار روپے تک ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔اس حوالےسے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بھی اپنے بیان میں وضاحت کی تھی کہ 60 ڈالر سے کم قیمت کے موبائل فون پر ٹیکس نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ مہنگے موبائل فونز پر 38 فیصد ٹیکس عائد ہو گا۔

سوشل میڈیا صارفین نے حکومت کو جو تجویز پیش کی ہے اس کو کافی مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔ عین ممکن ہے کہ اس تجویز کی آواز حکومت تک بھی پہنچ جائے اور حکومت اس حوالے سے کوئی اقدام کرے تاکہ ڈوبتی ہوئی قومی ائیرلائن کی پرواز پی آئی اے کو بھی اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کا موقع مل سکے۔