Live Updates

پشاور اے پی ایس کے سانحہ کی چوتھی برسی پرسوں منائی جائے گی،

ہم اپنے بچوں کے قاتلوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے، سیاسی رہنمائوں کاردعمل

جمعہ 14 دسمبر 2018 16:44

پشاور اے پی ایس کے سانحہ کی چوتھی برسی پرسوں منائی جائے گی،
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشت گردوں کے حملے کو پرسوں چاربرس مکمل ہوجائیں گے۔16دسمبر 2014ء کو دہشت گردوں نے اس سکول میں خون کی ہولی کھیلی اور طلبا، اساتذہ اور عملے کے ارکان پر اندھادھند فائرنگ کی۔اس حملے میں بچوں سمیت 147افراد شہید ہوگئے تھے۔اس المناک واقعہ نے پوری دنیا کوہلا کر رکھ دیا اوراس کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تیزی آئی۔

نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اور اداروں نے متحد ہو کر حصہ لیا ۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے نے ہمارے قومی بیانیے کوتبدیل کردیاہے۔دہشت گردوں نے ہمارے مستقبل پر حملہ کیا اور یہ جنگ آج بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ملک عامرڈوگر نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت کا طالبان کے حوالے سے واضح نکتہ نظر ہے اور وزیراعظم عمران خان نے پہلے روز سے یہی موقف اختیار کیا تھا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں اور ہتھیاروں سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا۔

آج امریکہ بھی وزیراعظم عمران خان کے موقف کو تسلیم کررہاہے اور صدرٹرمپ نے وزیراعظم کے نام جو خط لکھا اس میں ان سے درخواست کی گئی ہے کہ پاکستان طالبان کے ساتھ امریکی مذاکرات میں اپنا کردارادا کرے۔انہوں نے کہاکہ خوشی کی بات یہ ہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کی قیادت میں وزارت خارجہ اس معاملے کو دانشمندی کے ساتھ دیکھ رہی ہے اور افغانستان اوردیگر فریقین کے ساتھ مذاکرات کاعمل جاری ہے۔

سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہاکہ 16دسمبر ہمیشہ اس واقعے کی یاد دلاتارہے گا اور ہمیں یہ احساس دلاتارہے گا کہ ہم نے اپنے بچوں کے قاتلوں کو معاف نہیں کرنا۔ نامور ماہرقانون حبیب اللہ شاکر نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں جو قربانیاں دیں انہیں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔اے پی ایس کے بچوں سمیت شہداء کاخون ضروررنگ لائے گا اورقاتل کیفر کردار کوپہنچیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات