ریاض: سوڈانی خاتون نے کئی سعودی سرمایہ کاروں کو چُونا لگا دیا

خاتون دھوکا دہی سے ایک سعودی صنعتکار کے 30 لاکھ ریال ہتھیا چُکی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 14 دسمبر 2018 16:22

ریاض: سوڈانی خاتون نے کئی سعودی سرمایہ کاروں کو چُونا لگا دیا
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14دسمبر2018ء ) سوڈان کی ایک خاتون نے متعدد سعودی سرمایہ کاروں کو چکمہ دے کر لاکھوں ریال لُوٹ لیے۔ یہ خاتون خود کو ایک انتہائی امیر کبیر خاندان سے ظاہر کرتی ہے۔ اس کے علاوہ سوڈان کی ایک اعلیٰ سرکاری شخصیت کی بہن بھی بتاتی ہے۔ اسی آڑ میں خاتون نے کئی سعودی شہریوں کو اُن کی لاکھوں ریال کی جمع پُونجی سے محروم کر دیا ہے۔

ایسا ہی معاملہ سعودی سرمایہ کار عبدالکریم الزہرانی کے ساتھ ہوا۔ الزہرانی نے بتایا کہ وہ آج سے چار سال قبل سوڈان گیا تو اُس کی ملاقات ایک سوڈانی خاتون سے ہوئی۔ جو اپنے حُلیے سے بہت امیر خاندان کی دکھائی دیتی تھی۔ اس خاتون کے زیر استعمال بہت سی لگژری گاڑیاں تھیں۔ خاتون کا کہنا تھا کہ وہ سوڈان کے ایک اعلیٰ عہدے دار کی بہن ہے۔

(جاری ہے)

خاتون نے الزہرانی کو اپنے خرچے پر فائیو اسٹار ہوٹلز میں ٹھہرایا۔

خاتون نے سعودی تاجر کے سامنے دعویٰ کیا کہ وہ النیل الابیض صوبے میں 32 ہزار ایکڑ زمین کی مالک ہے اس کے علاوہ بھی کئی تجارتی منصوبہ میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ الزہرانی کے مطابق خاتون نے اُسے شیشے میں اُتارتے ہوئے کہا کہ وہ اُس کے ساتھ مشترکہ کاروبار کرے۔خاتون نے اُسے کئی ہزاروں ایکڑ اراضی لاکھوں ریال کے عوض فروخت کر دی۔ تاہم بعد میں الزاہرانی کو پتا چلا کہ اُسے فروخت کی گئی اراضی خاتون کی ملکیت نہیں تھی، اس سے قبل بھی خاتون کسی اور کی ملکیتی اراضی کو اپنی ظاہر کر کے جعلی رجسٹریوں کی مدد سے فروخت کر چکی تھی۔ اس خاتون کی نوسربازیوں کا نشانہ بننے والوں میں کئی دیگر سعودی اور سوڈانی باشندے بھی شامل ہیں۔