پاکستان اور جرمنی کے درمیان انسداد پولیو مہم کے دوسرے مرحلہ کیلئے معاہدہ طے پا گیا

جمعہ 14 دسمبر 2018 17:04

پاکستان اور جرمنی کے درمیان انسداد پولیو مہم کے دوسرے مرحلہ کیلئے معاہدہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) پاکستان اور جرمنی کے درمیان انسداد پولیو مہم کے دوسرے مرحلہ کیلئے 79 کروڑ روپے کی لاگت کا مالیاتی معاہدہ طے پا گیا۔ پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد اور جرمنی کی جانب سے کے ایف ڈبلیو کے کنٹری ڈائریکٹر وولف گینگ موئلر نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ یہ معاہدہ پاکستان کے نیشنل پولیو ایمرجنسی ایکشن پلان 2018-19ء پر عملدرآمد کے سلسلہ میں پولیو ویکسین اور انسداد پولیو کی مہمات کی فنانسنگ پر مشمتل ہے۔

یہ پروگرام یونیسف اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے چلایا جائے گا جو ملک میں انسداد پولیو پروگرام کے پہلے مرحلہ کا تسلسل ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کی سربراہی میں پولیو کے خاتمہ کیلئے قائم نیشنل ٹاسک فورس کی کاوشوں سے ملک میں پولیو کے کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

2014ء میں ملک میں پولیو کے 306 کیس سامنے آئے تھے جو 2015ء میں کم ہو کر 54 رہ گئے جبکہ 2016ء میں 20 اور 2017ء میں پولیو کے 8 کیس رجسٹرڈ کئے گئے۔

رواں سال ملک میں پولیو کے صرف 4 کیس سامنے آئے ہیں۔ پاکستان میں انسداد پولیو کی کاوشوں میں نمایاں کامیابی کو قومی اور بین الاقوامی سطحوں پر سراہا گیا ہے۔ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن کی جانب سے 2020ء تک پاکستان کے پولیو سے فری ملک بننے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔