پنجاب بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیلی میڈیسن کو فروغ دیں گے‘عثمان بزدار

جمعہ 14 دسمبر 2018 18:14

پنجاب بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیلی میڈیسن کو فروغ دیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیلی میڈیسن کو فروغ دیں گے اور دوردراز علاقوں میں موجود مریض ٹیلی میڈیسن کے ذریعے سپیشلسٹ سے طبی مشاورت لے سکیں گے۔ تونسہ اور ڈی جی خان میں جلد ٹیلی میڈیسن کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا جس سے قبائلی علاقوں کے لوگوں کو بہت فائدہ پہنچے گا جبکہ پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد ٹیلی میڈیسن کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھائیںگے۔

انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور محروم علاقوں کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے روزگار مہیا کریں گے اور فری لانسنگ کے ذریعے نوجوانوں کو برسرروزگار کیا جائے گا۔ نوجوانوں کو ٹیکنالوجی انکوبیشن مراکز میں آئی ٹی بزنس کی جدید ترین ٹریننگ دیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ترقی اور روز گار کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

دور دراز علاقوں میں ای خدمت سنٹر، ای روز گار سنٹر اور ای ارن(E Earn)مراکز بھی قائم کئے جائیں گے۔ انہو ںنے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا سب کیمپس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق سپیشل اکنامک زون قائم کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ان خیالات کا اظہار ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں دیگر شہروں اور ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والی مختلف شعبہ ہائے زندگی کی شخصیات سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں منعقدہ اجلاس میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں اور مستقبل کے ترقیاتی پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے سپیشل اکنامک زون بنائیں گے اور سپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کو مراعات دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکزبنانا چاہتے ہیں۔ سی پیک کے تحت تونسہ شریف میں رودکوہی کا پانی محفوظ کرنے کیلئے منی ڈیم بنانے کا جائزہ لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملتان نشتر ٹو پراجیکٹ کی تکمیل اور ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے سماجی شعبے میں چین کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔ ڈیرہ غازی خان سمیت پنجاب کے تمام پسماندہ علاقوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا انقلاب لائیں گے۔ اجلاس میں چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔