چین کے کاروباری وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

جمعہ 14 دسمبر 2018 18:19

چین کے کاروباری وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) چین کے کاروباری وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا جس کا مقصد دوطرفہ کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کے لئے مواقع تلاش کرنا اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔ جمعہ کو چینی صوبے شینڈونگ کی کمپنیوں کے ایک وفد نے چائنیز انٹرپرائز سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے جنرل منیجر لی جینوی کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں تعمیراتی شعبے سمیت دیگر شعبوں میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے کے امور پر مقامی تاجر برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔

وفد میں سیرامک ٹائلز، ایلومنیم کی کھڑکیاں اور دروازے، بجلی، گیس اور پانی کے میٹر، ہسپتال کا سامان اور سٹیل کی شیٹوں سمیت دیگر مصنوعات تیار کرنے والی کمپنیوں کے نمائندگان شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چینی وفد کے سربراہ لی جینوی نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد پاکستان کی مارکیٹ کو سمجھنا اور پاکستان میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی کمپنیاں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کر رہی ہیں اور ان کی مصنوعات پاکستان کے صارفین کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں ۔ انہوںنے اس موقع پر مقامی تاجر برادری کے ساتھ کاروباری شراکتیں قائم کرنے کیلئے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ پاکستان کے مختلف شہروں و علاقوں میں متعدد بڑے تعمیراتی منصوبے جاری ہیں جبکہ موجودہ حکومت نے نیاپاکستان ہائوسنگ پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت ملک میں پچاس لاکھ گھر تعمیر کئے جائیں گے۔

لہذا انہوںنے کہا کہ پاکستان میں تعمیراتی منصوبوں میں استعمال ہونے والی مصنوعات کی بہت مانگ پائی جاتی ہے اور اس میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ اس لئے انہوں نے شینڈونگ کی کمپنیوں پر زور دیا کہ یہی مناسب وقت ہے کہ وہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مصنوعات تیار کر کے چین کی کمپنیاں نہ صرف مقامی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کر سکیں گی بلکہ مشرق وسطیٰ، سنٹرل ایشیاء اور جنوبی ایشیاء سمیت دیگر ممالک کی طرف برآمدات کو فروغ دے سکیں گی ۔

انہوںنے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر شینڈونگ کی کمپنیوں کو پاکستان میںپارٹنرز تلاش کرنے کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید، نائب صدر افتخار انور سیٹھی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری شراکتیں قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔