مکّہ: بزرگ حاجیوں کے لیے الیکٹرک کارز سروس شروع کر دی گئی

ایک الیکٹرک کار پر چھے افراد سوار ہو سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 14 دسمبر 2018 18:44

مکّہ: بزرگ حاجیوں کے لیے الیکٹرک کارز سروس شروع کر دی گئی
مکّہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14دسمبر2018ء ) حرمین شریفین کے معاملات دیکھنے والی انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ بزرگ حاجیوں کی سہولت کے لیے الیکٹرک کار سروس سہولت کر دی گئی ہے۔ اس کار کی بدولت معمر خواتین و مرد عازمین حج کعبہ کا طواف کر سکیں گے۔ اس طرح بزرگ حاجیوں کو مقدس فریضے کی ادائیگی میں بہت زیادہ سہولت ہو جائے گی۔ یہ الیکٹرک کار سروس کی سہولت 24 گھنٹے دستیاب ہو گی۔

ہر الیکٹرک کار پر چھے افراد سوار ہو سکیں گے۔ یہ الیکٹرک کارز حاجیوں کی ٹرانسپورٹیشن کے لیے مطلوبہ معیارات پر پُورا اُترتی ہیں۔ اس سروس کی فراہمی خادمینِ حرمین شریفین کے اُس مِشن کا حصّہ ہے جس کا مقصد دُور دراز کے ممالک سے آنے والے حاجیوں کی اس مقدس زیارت کو ہر طرح سے آرام دہ بنانا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے تمام خطوں سے آئے کلمہ گو افراد میں یکجہتی کا احساس فروغ پائے گا اور اُنہیں اس بات کا بھی احساس ہو گا کہ سعودی عرب کے فرمانروا اور تمام ادارے حاجیوں کے آرام و آسائش کا خیال رکھنے کے حوالے سے کس قدر پُرعزم اور سنجیدہ ہیں۔

وزارت حج کے مطابق رواں سال معتمرین کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں خاصی زیادہ ہے۔ زائرین نے اس موقع پر خادمین حرمین شریفین کی جانب سے زائرین کے لیے قیام و طعام اور سفری انتظامات کو بہت عمدہ قرار دیا۔ اس کے علاوہ حرمین ٹرین کے منصوبے کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مابین سفر آرام دہ بنانے کے لیے انقلابی اقدام ٹھہرایا ہے۔معتمرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت کی جانب سے کسی پریشانی یا شکایت کی صورت میں حرمین میں قائم شدہ وزارت حج و عمرہ کے ذیلی دفاتر میں موجود اہلکاروں سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، جہاں درجنوں زبانوں کے جاننے والے افراد زائرین کی پریشانی کا ازالہ کرنے کے لیے موجود ہیں۔