سعودی ولی عہد جمال خاشقجی قتل کے ذمہ دار ، امریکی سینٹ نے قراردا د منظور کرلی

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:15

سعودی ولی عہد جمال خاشقجی قتل کے ذمہ دار ، امریکی سینٹ نے قراردا د منظور ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2018ء) امریکی سینیٹ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا ذمہ دار قرار دینے سے متعلق قرارداد منظور کرلی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سعودی عرب سے قریبی تعلقات اور ہتھیاروں کا معاہدہ برقرار رکھنے کی خواہش کے باوجود امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے خارجہ تعلقات کے چیئرمین باب کارکر نے یہ قرارداد پیش کی۔

10 ری پبلکن اراکین نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے خلاف مذکورہ قرارداد کی حمایت کی۔قرارداد میں سعودی حکومت سے جمال خاشقجی کے قتل کے ذمہ داران کا احتساب کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔اس کے ساتھ ہی اس قرار داد میں سعودی میں گرفتار خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنان کو رہا کرنے، اقتصادی اور معاشرتی ریفارمز کے لیے کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

تاہم اس قرارداد پر امریکی ایوان نمائندگان کی جانب سے رائے شماری کیے جانے سے متعلق کچھ واضح نہیں۔قرارداد میں سعودی عرب کو خبردار بھی کیا گیا ہے کہ روس اور چین کی حکومتوں سے تعاون اور ملٹری آلات کی خریداری امریکی-سعودی ملٹری تعلقات کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔یاد رہے کہ سعودی عرب نے کہا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو اس قتل کی کوئی ابتدائی معلومات نہیں تھیں۔

تاہم ابتدائی طور پر متضاد وضاحتوں کے بعد ریاض نے بالاخر یہ تسلیم کیا تھا کہ جمال خاشقجی کو اسنتنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کیا گیا۔خیال رہے کہ 2 روز قبل امریکی سینٹرز نے سینٹرل انوسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی ای) کی ڈائریکٹر جینا ہسپیل کی جانب سے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات پر بریفنگ کے بعد کہا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اس میں براہ راست ملوث ہیں۔سینیٹ کی خارجہ کمیٹی کے چیئرمین باب کورکر نے کہا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ اگر سعودی ولی عہد کا ٹرائل کیا جائے تو عدالت انہیں ‘صرف 30 منٹ میں’ مجرم ثابت کردے گی۔