غرب اردن میں حالیہ ایام کے دوران فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے، شاباک کا اعتراف

گزشتہ چند ماہ کے دوران فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں 6 صہیونی فوجی ہلاک اور 18 زخمی ہوئے، میڈیا رپورٹ

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:20

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) اسرائیلی داخلی سلامتی کے ادارے ’شاباک‘ نے اعتراف کیا ہے کہ حالیہ ایام میں فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ صہیونی ریاست کے انٹیلی جنس ادارے کی طرف سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران غرب اردن میں فلسطینیوں کی اسرائیلی تنصیبات پر حملوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق اگست میں فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں، یہودی آباد کاروں اور اسرائیلی تنصیبات پر 64 حملے کئے گئے جبکہ ستمبر میں ان حملوں میں مزید اضافہ ہوا اور ان کی تعداد70 تک جا پہنچی۔اکتوبر میں مزید اضافہ ہوا اور فلسطینیوںکے 95 حملے ریکارڈ کئے گئے جن میں برکان یہودی کالونی میں دو آباد کار ہلاک ہوئے۔ نومبرمیں فلسطینیوں کی جانب سے صہیونی فوج اور آباد کاروںپر 114 حملے کئے،ان میں89 سنگ باری،12 پائپ بموں، تین فائرنگ اور چار چاقو سے کیے گئے۔عبرانی اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں 6 صہیونی فوجی ہلاک اور 18 زخمی ہوئے۔