غرب اردن کے مختلف شہروں میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں ،70 فلسطینی شہری زخمی ہو گئے

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:20

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں قابض اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کے نتیجے میں 70 فلسطینی شہری زخمی ہو گئے۔ہلال احمر کی طرف سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا گیا ہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کیخلاف کئی شہروں میں فلسطینی احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔

(جاری ہے)

قابض فوج نے فلسطینیوں کومنتشر کرنے کیلئے ان پر لاٹھی چارج کیا، آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کابے دریغ استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 69 فلسطینی زخمی ہو گئے۔العصیرہ کے چیئرمین بلدیہ حافظ صالح نے بتایا کہ فلسطینیوں پرحملوں اور تشدد میں اسرائیلی فوج کیساتھ یہودی آباد کار بھی پیش پیش رہے۔ یتسھار یہودی کالونی کے درجنوں ڈنڈہ بردار یہودی آبادکاروں نے فلسطینیوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئے۔یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی فوج کی سیکیورٹی میں فلسطینیوں پر پتھرائو کیا جبکہ قابض فوج نے فلسطینی آبادی پر صوتی گولے اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں درجنوں فلسطینی دم گھٹنے سے بے ہوش گئے۔