غرب اردن میں تین فلسطینی نوجوانوں کی شہادت کے بعد دشمن کیساتھ آگ و خون کی نئی جنگ کا آغاز ہوچکا ہے،اسماعیل ھنیہ

فلسطینی قوم اور حماس شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیگی، تعزیتی تقریب سے خطاب

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:26

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ غرب اردن میں تین فلسطین نوجوانوں کی بزدل فوج کے قاتلانہ حملوں میں شہادت کے بعد دشمن کیساتھ آگ اورخون کی ایک نئی جنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔غزہ میں شہداء غرب اردن کے حوالے سے منعقدہ تعزیتی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اشرف نعالو اور صالح البرغوثی فلسطینی قوم کے ہیرو ہیں اور قوم کا بچہ بچہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دشمن کیخلاف جدو جہد کا علم بند رکھے گا۔

(جاری ہے)

اسماعیل ھنیہ نے کہاکہ شہداء نے دشمن کیساتھ پوری قوت کیساتھ مقابلہ کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ فلسطینی قوم موت کو قبول کریگی مگر صہیونی غاصبوں کی غلامی قبول نہیں کریگی۔ انہوںنے کہا کہ اس وقت دشمن کے خلاف جدو جہد کے میدان میں غرب اردن اور غزہ کے عوام برابر قربانیاں پیش کررہے ہیں۔ فلسطینی قوم اپنے وطن سے غاصب صہیونیوں کونکال کر جلد آزادی کی منزل سے ہم کنار ہوگی۔اسماعیل ھنیہ نے شہید اشرف نعالو ، مجد مطیراور صالح البرغوثی کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ فلسطینی قوم اور حماس شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گی۔

متعلقہ عنوان :