گواتے مالا کی 7 سالہ بچی امریکی تحویل کے دوران ہلاک

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:56

میکسیکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) ریاست نیو میکسیکو کے علاقے میں امریکی بارڈر پولیس کی جانب سے گرفتار کی گئی گواتے مالا کی 7 سالہ بچی تحویل کے دوران ہلاک ہوگئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ کیا کہ وہ لڑکی جس نے والد کے ہمراہ غیر قانونی طریقے سے سرحد پار کی تھی گزشتہ ہفتے پانی کی کمی اور صدمے‘ میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ہلاک ہوگئی۔

امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (سی بی پی) نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ بچی نے کئی دن سے کچھ نہیں کھایا تھا اور نہ ہی پانی پیا تھا۔ادارے نے بتایا کہ گرفتاری کے 8 گھنٹے بعد ہی بچی کو اچانک سے جھٹکے لگنا شروع ہوگئے تھے۔اخبار کے مطابق بچی کا ہنگامی بنیاد پر طبی معائنہ کیا گہا، اس کے جسم کا درجہ حرارت 41 سینٹی گریڈ تھا اور وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکی تھی۔

(جاری ہے)

امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن نے اب تک بچی اور اس کے والد کے نام جاری نہیں کیے۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق بچی کے والد امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ال پاسو میں گواتے مالا قونصل خانے کے افسران سے ملاقات کی راہ دیکھتے رہے ،ْکسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کی جانب سے بچی کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔سی بی پی کے ترجمان اینڈریو میہان نے ایک بیان میں کہا کہ بارڈر پیٹرول ایجنٹس نے بچی کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ بطور والدین، بھائی اور بہنیں ہم کسی بھی بچے کے جانی نقصان پر ہمدردی رکھتے ہیں۔