میاں اسلم اقبال سے مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندوں کی ملاقات،

اشیائے ضروریہ پر شرح منافع کم کرنے پر اتفاق آٹا ، چینی ، دالیں ، سبزیاں اور گھی عام آدمی کے روز مرہ کی ضرورت ہے اور ان روز مرہ کی اشیاء قیمتیں ہر صورت اعتدال پر رہنی چاہئیں ناپ تول میں کمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا،منافع خوری کے نام پر کسی کا استحصال نہیں کرنے دیں گے‘ صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال

جمعہ 14 دسمبر 2018 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) صوبائی وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ملاقات کی ۔جس میں تاجرتنظیموں نے عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اشیائے ضروریہ پر شرح منافع کم کرنے پر اتفاق کیا ۔تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمزور طبقات کو معاشی ریلیف دینے کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ترازو فیس کا خاتمہ حکومت کا مستحسن اقدام ہے جس کیلئے صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے شکر گزار ہیں۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عام آدمی کو تاجروں کے تعاون سے ریلیف دینا ہے ۔انہوںنے کہا کہ آٹا ، چینی ، دالیں ، سبزیاں اور گھی عام آدمی کے روز مرہ کی ضرورت ہے اور ان روز مرہ کی اشیاء قیمتیں ہر صورت اعتدال پر رہنی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جائز منافع کمانا تاجروں کا حق ہے تا ہم کسی کو منافع کی شکل میں عام آدمی پر غیر ضروری بوجھ نہیں ڈالنے دیں گے ۔دکاندار عام آدمی سے زیادتی نہ کریں ، دکاندار کوناجائز تنگ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے ماڈل بازاروں اور اتوار بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ناپ تول میں کمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا،کم تول میں ملوث افراد کو جیل بھی بھیجیں گے اور جرمانہ بھی کریں گے اور اس سلسلے میں قانون سازی کی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تاجر ماڈل بازاروں اور اتوار بازاروں میں زیادہ سے زیادہ سٹال لگائیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سبزی منڈی کے حوالے سے تاجروں کو درپیش مسائل بھی حل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے مانیٹرنگ کا نظام موثر بنایا جائے ،منافع خوری کے نام پر کسی کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔ ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ صوبائی وزیر سے ملاقات کرنے والوں میں کریانہ ایسوسی ایشن ، سبزی فروش ایسوسی ایشن اور دیگر تاجر تنظیموں کے نمائندے شامل تھے ۔

متعلقہ عنوان :