سرکاری سکولوں کو نجی سکولوں سے بہتربنائیں گے‘صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن

جمعہ 14 دسمبر 2018 20:02

سرکاری سکولوں کو نجی سکولوں سے بہتربنائیں گے‘صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا ہے کہ5ہزار سے زائد ماہانہ فیس وصول کرنے والے نجی سکولوں سے 20فیصد فیس واپس لے کر یہ رقم ان سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین کو لوٹائیں گے۔پرائیویٹ سکولوں سے متعلق معاملات کو نبٹانے کیلئے قائم کی جانے والی ریگولیٹری اتھارٹی کا ڈرافٹ وزارت قانون کے پاس زیر ِ غور ہے جسے آئندہ سیشن میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

اسی طرح اساتذہ کو کم از کم اجرت سے کم ماہانہ تنخواہ دینے والے پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن معطل کر دی جائے گی جبکہ گرمیوں کی چھٹیوں کی وصول شدہ فیس کا 50فیصدآئندہ فیسوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے پنجاب اسمبلی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

صو بائی وزیر نے کہا کہ پرائیوٹ سکولوں میں زیر ِ تعلیم بچوں کے والدین سکول انتظامیہ کی جانب سے اضافی واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں 0336-7251214 پر رابطہ کریں۔

ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ سکول مالکان فیسوں میں کمی کے فیصلے پر 31دسمبر2018تک عمل کریں وگرنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔بعد ازاں صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے دفتر میں تعمیر ہونے والی جامع مسجد سرورِ کونینﷺ کا افتتاح کیا۔ انہوںنے جامع مسجد کی جلد تعمیر پر مینجنگ ڈائریکٹر عبدالقیوم کی کاوشوں کو سراہا اور ملازمین کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرکاری سکولوں کو پرائیویٹ سکولوں سے بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی سکولوں تک رسائی، معیاری تعلیم کی فراہمی ،اساتذہ کی استعدادِ کار میں اضافے ، نصاب میں بہتری اور بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے دن رات کام جاری ہے۔اس موقع پر چیئرمین پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈمحمد اکرم ، افسران ، ذرائع ابلاغ اور نمازیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔